گلگت بلتستان ،دس اضلاع میں ہفتے کو بھی مکمل پہیہ جام ،شٹر ڈائون ہڑتال

تمام شہروں کے بازار ،مارکیٹیں بند رہیں ،ٹرانسپورٹ بھی نہ چلی

ہفتہ 27 جنوری 2024 23:03

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2024ء) گلگت بلتستان کے تمام دس اضلاع میں ہفتے کو بھی مکمل پہیہ جام اور شٹر ڈائون ہڑتال کی گئی ،صوبہ بھر کے تمام شہروں کے بازار ،مارکیٹیں بند رہیں ٹرانسپورٹ بھی نہ چلی ۔ تفصیلات کے مطابق گندم سبسڈی کے خاتمے پر عوامی ایکشن کمیٹی کی کال پر گلگت بلتستان کے تمام دس اضلاع میں ہفتہ 27 جنوری کو بھی مکمل پہیہ جام اور شٹر ڈائون ہڑتال کی گئی ،صوبہ بھر کے تمام شہروں کے بازار ،مارکیٹیں بند رہیں ٹرانسپورٹ بھی نہ چلی ۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے 15نقات پر مشتمل چارٹر آف ڈیمانڈ حکومت کو پیش کیاجس میں سر فہرست گندم سبسڈی کی بحالی ،دیامر بھاشا ڈیم میں 80فیصد رائلٹی،فنانس بل 2023ء کی منسوخی اور بجلی بحران کا خاتمہ شامل ہیں ۔گلگت اتحاد چوک پر بڑے احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنمائوں نے کہا کہ جب تک حکومت ان کے مطالبات تسلیم نہیں کرتی اس وقت تک ہڑتالیں اور احتجاجی مظاہرے جاری رہیں گے ،رہنمائوں نے کہا کہ آج سے ہم پلان سی کی طرف جا رہے ہیںجس میں گلگت بلتستان کے دیگر اضلاع سے ہزاروں نہیں بلکہ لاکھوں لوگ چلو چلو گلگت چلو کا آغاز کریں گے۔