مسلم لیگ ن امیدوار کامیابی حاصل کرکے عوامی توقعات پرپورااتریں گے،چوہدری جعفر اقبال

ہفتہ 27 جنوری 2024 21:10

رحیم یارخان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جنوری2024ء) مسلم لیگ ن کے رہنما چوہدری محمد جعفر اقبال نے کہاہے کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کی ضامن پاکستان مسلم لیگ ن ہے، اللہ تعالیٰ نے میاں محمد نواز شریف میں ایسا ستارہ رکھ دیا ہے کہ وہ جب بھی حکومت میں آئے پاکستان ترقی و خوشحالی کے عروج کی طرف بڑھا مگر افسوس کہ ایک اناڑی کو جب مسلط کیا گیا تو اس نے نہ صرف میاں نواز شریف اور ان کے خاندان کے خلاف انتقام کی آگ بھڑکائی بلکہ وطن عزیز کا بھی ستیاناس کر گیا۔

رحیم یار خان شہر میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج پھر مسلم لیگ ن کو یہ خرابیاں دور کر کے پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزان کرنے کا چیلنج ملاہے۔ آپ آٹھ فروری کو شیر پر مہر لگا کر مسلم لیگ ن کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں انشا اللہ میاں محمد نواز شریف آپ کی محرومیوں کا ازالہ کریں گے اور ایک بار پھر پاکستان اپنے پیروں پر کھڑا ہو گا۔

(جاری ہے)

بیگم عشرت اشرف نے کہا کہ میاں نواز شریف ایک شیر دل لیڈر ہے، اس نے بڑی سے بڑی مشکلات کا سامنا کیا مگر اپنی عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا۔ اس وقت بھی ملک جس گھمبیر صورتحال سے دوچار ہے اس سے نکالنے کے لیے میاں محمد نواز شریف ایک نئے جذبے اور جنون کے ساتھ آ رہے ہیں آپ نے ان کا استقبال آٹھ فروری کو اپنے ووٹ کے ذریعے کرنا ہے۔میاں امتیاز احمد نے کہا کہ میاں نواز شریف ایک ایسا لیڈر ہے جس نے ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا آپ آٹھ فروری کو شیر پر مہر لگا کر میاں نواز شریف کو پاکستان کی تقدیر بدلنے کا موقع دیں۔

انہوں نے کہا کہ جعفر آباد خاندان نے ہمیشہ اپنی پارٹی اور قائد کے ساتھ وفاداری نبھائی ہے چاہے مشکل حالات ہوں یا آسانیاں ہوں، سیسہ پلائی دیوار کی طرح ڈٹ کر کھڑے رہے ہیں۔ ایک پھر آٹھ فروری کو آپ کے ووٹ کی طاقت سے ہم خدمت کا ایک نیا مشن لے کر حاضر ہوں گے۔