بی سی سی آئی کے سکریٹری جے شاہ مسلسل تیسرے سال ایشین کرکٹ کونسل کے چیئرمین مقرر

بدھ 31 جنوری 2024 16:29

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جنوری2024ء) بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی)کے سیکرٹری جے شاہ مسلسل تیسری مرتبہ ایشین کرکٹ کونسل کے صدر منتخب ہوگئے۔جے شاہ کی بحیثیت اے سی سی مدت میں توسیع کی تجویز سری لنکا کرکٹ کے صدر شمی سلوا نے دوسری بار پیش کی تھی اور بدھ کوانڈونیشیا کے شہر بالی میں ہونے والے ایشین کرکٹ کونسل کے سالانہ اجلاس میں اے سی سی کے تمام ممبران نے متفقہ طور پر اس نامزدگی کی حمایت کی جس کو مد نظر رکھتے ہوئےبی سی سی آئی کے سکریٹری جے شاہ کو مسلسل تیسرے سال ایشین کرکٹ کونسل کا چیئرمین مقرر کر دیا گیا ہے۔

بی سی سی آئی کے مطابق جے شاہ نے ابتدائی طور پر جنوری 2021 میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر نظم الحسن کے بعد یہ عہدہ سنبھالا تھا۔

(جاری ہے)

جے شاہ کی قیادت میں ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی )نے 2022 میں ٹی ٹونٹی فارمیٹ اور 2023 میں ون ڈے فارمیٹ میں ایشیا کپ کا کامیابی سے انعقاد کیا۔اس موقع پر جے شاہ نے کہا کہ میں اے سی سی بورڈ کے مسلسل اعتماد کے لیے ان کا شکر گزار ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں کھیل کی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم رہنا چاہیے اور اس کی ترقی کے لئے اپنی خصوصی توجہ مرکوز رکھنا چاہیے۔ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی قائم مقام چیئرمین پی سی بی شاہ خاور اورسی او او سلمان نصیر نے کی۔واضح رہےکہ گزشتہ ایشیا کپ میں پاکستان اور سری لنکا مشترکہ میزبان تھے، سری لنکا میں مسلسل بارشوں کی وجہ سے کئی میچ متاثر ہوئے جس وجہ سے جے شاہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔جے شاہ نے کہا کہ ایشین کرکٹ کونسل پورے ایشیا میں کرکٹ کی پرورش کے لیے پرعزم ہے۔