فیصل آباد میں قائد مسلم لیگ (ن) میاں نوازشریف کے جلسہ کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے پارٹی رہنماؤں کا دورہ

جمعرات 1 فروری 2024 13:45

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 فروری2024ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)پنجاب کے صوبائی صدر،سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان امیدوار قومی اسمبلی حلقہ این اے100فیصل آباد نےکل(جمعہ 2فروری کو)تاریخی دھوبی گھاٹ گراؤنڈ(اقبال پارک)فیصل آباد میں بعد دوپہر منعقد ہونے والے پارٹی قائد میاں محمد نواز شریف کے جلسہ کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے دھوبی گھاٹ گراؤنڈ کا دورہ کیا اور وہاں سٹیج کی تیاری اور سکیورٹی اقدامات سمیت جلسہ میں شرکت کرنے والے کارکنان اور عوام الناس کے بیٹھنے کیلئے کئے گئے انتظامات کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر مسلم لیگ(ن) کے ڈویژنل صدر و امیدوار قومی اسمبلی حلقہ این اے 103حاجی محمد اکرم انصاری،مسلم لیگ(ن) فیصل آباد کے سٹی صدر شیخ اعجاز احمد، میاں عرفان منان امیدوا ر قومی اسمبلی حلقہ این اے 101،محمدرزاق ملک امیدوار پی پی 118،فقیر حسین ڈوگر امیدوار پی پی 111،خواجہ محمد اسلام سابق ممبر صوبائی اسمبلی،رانا احمد شہر یار خان امیدوار پی پی 116،رانا علی عباس امیدوار پی پی 113،میاں طاہر جمیل امیدوار صوبائی اسمبلی پی پی 115 و دیگر رہنمابھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

لیگی رہنماؤں نے جلسہ گاہ میں قائدین کے بیٹھنے کیلئے سیٹنگ ارینجمنٹ، سا ؤنڈ سسٹم اور دیگر انتظامات کا بھی جائزہ لیا اور ضروری ہدایات جاری کیں۔اس موقع پر لیگی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ لیگی کارکنان جو ق در جوق اپنے محبوب قائد میاں نواز شریف کے جلسہ میں شرکت کیلئے دھوبی گھاٹ گراؤنڈ پہنچیں گے جہاں میاں نواز شریف کا تاریخی خطاب ہو گا جبکہ جلسہ سے مریم نواز شریف اور دیگر رہنما بھی خطاب کریں گے۔