پاکستان اپنی خود مختاری اور سلامتی کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا، صاحبزادہ حافظ فاران سہیل

جمعرات 1 فروری 2024 16:08

ننکانہ صاحب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 فروری2024ء) پاکستان سنی تحریک کے ضلعی صدر ننکانہ صاحبزادہ حافظ فاران سہیل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان اپنی خود مختاری اور سلامتی کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا،پاکستانی قوم دہشتگردوں کے خلاف سیستان میں انٹیلی جنس بیسڈ کامیاب کاروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتی ہے،ایران میں حکومتی عملداری سے محروم علاقے میں کاروائی دہشتگردی کے خاتمے کیلئے اہم ہے جس سے خطہ میں پائیدار امن کے قیام میں مدد ملے گی،دہشتگرد مشترکہ دشمن ہیں جن کے خاتمہ کیلئے علاقائی اور عالمی سطح پر تمام مہذب اقوام کا باہمی تعاون ضروری ہے،انہوں نے کہا کہ ایران کی جانب سے بلا جواز کاروائی پر پاکستانی قوم کو جو شدید تشویش لاحق تھی ایرانی کاروائی کا مؤثر جواب دے کر افواج پاکستان نے اس تشویش کو ختم کردیا ہے مسلح افواج نے آپریشن کے ذریعے اپنی پیشہ وارانہ قابلیت،مہارت اور صلاحیت کا مظاہرہ کیا پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے اور کسی بھی قسم کی جارحانہ کاروائی کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے،انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت نے متعدد مرتبہ ایران کو آگاہ کیا کہ بہت سارے بھگوڑے مجرم ایران میں موجود ہیں جو دہشت گردی کی کاروائیوں میں ملوث ہیں،کلبھوشن یادیو کے بارے میں سب کو پتہ ہے لیکن پاکستان نے کبھی بھی ایسا اقدام نہیں اٹھایا جس طرح کا ایران نے پاکستان کے خلاف حملہ آور ہوکر اٹھایا،پاکستان کی ریڈ لائن کو جو بھی کراس کرنے کی کوشش کرے گا اس کو جواب دیا جائے گا،پاکستان ایک مضبوط دفاعی ملک ہے،پاکستان کی سالمیت کو کوئی چیلنج کرے گا تو پاکستان اس کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے،اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔