الیکشن کمشنر سندھ کی ہدایات پر ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران

مانیٹرنگ ٹیموں کی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر کارروائیاں جاری

جمعرات 1 فروری 2024 22:47

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 فروری2024ء) صوبائی الیکشن کمشنر سندھ شریف اللہ کی سخت ہدایات پر صوبہ سندھ میں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران اور مانیٹرنگ ٹیموں کی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر کارروائیاں جاری ہیں۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں کراچی سائوتھ میں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے ضابطہ اخلاق کی مسلسل خلاف ورزیوں اور وضاحت نہ دینے پر خرم شیر زمان پر 50 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کردیا ہے تاہم کراچی ایسٹ میں خلاف ضابطہ اقدامات پر این اے 248 کے امیدوار محمد حسن خان پر 48 ہزار روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل درآمد کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

اس کے ساتھ پی ایس 6 کشمور میں اسلحہ کی نمائش پر این اے 191 کے امیدوار علی جان مزاری اور پی ایس 06 کے امیدوار محبوب بجارانی کو نوٹس جاری کردیا ۔ جبکہ سکھر میں انتخابی مہم کے دوران فائرنگ پر امیدوار کو نوٹس جاری کرتے ہوئے وضاحت طلب کرلی گئی ہے۔صوبائی الیکشن کمشنر سندھ شریف اللہ نے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے مزید کہا ہے کہ ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل درآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے انہوں نے کہا کہ انتخابات کے آزادانہ، منصفانہ اور پر امن انعقاد کے لیئے کسی قسم کی کوتاہی اور خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔