اپنے نمائندے مہاجر نام پر ہی اسمبلی میں پہنچائیں گے،آفاق احمد

عوام کو اسکے ووٹ کے آئینی حق سے کوئی محروم نہیں کر سکتا،مزار قائد پر6فروری کو ہونے والا اعلان شہری سندھ کی سیاست کو تبدل کر دیگا

اتوار 4 فروری 2024 19:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 فروری2024ء) مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے شاہ فیصل میں انتخابی دفاتر کا دورہ کیااس موقع پر جمع ہونے والے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے آفاق احمد نے کہا کہ ہماری سیاسی سرگرمیوں پر غیر اعلانیہ پابندی لگادی گئی ہے،بار بار الیکشن کمیشن اور اعلی عدلیہ کو جلسوں کی اجازت نہ ملنے، پارٹی پرچم، امیدواروں کے پوسٹر اور پینا فلیکس سرکاری مشینری کے زریعے ہٹانے اور پارٹی کی طرف سے نامزد امیدواروں کی وفاداریاں تبدیل کرنے اور سرکاری جماعت میں شامل ہونے کیلئے دبا ڈالا جارہا ہے۔

آفاق احمد نے کہا کہ لفظ مہاجر سے یعنی اپنی شناخت سے دستبرار نہ ہونے کا فیصلہ صرف آفا ق کا نہیں یہ فیصلہ تو پوری قوم کا ہے آفاق احمد تو صرف اپنی قوم کے ساتھ کھڑا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ تمام تر دبا کے باوجود مہاجر عوام اپنے نمائندے مہاجر نام کے ساتھ ہی اسمبلیوں میں پہنچائینگے۔ آفاق احمد نے کہاکہ کسی بھی موقف کی اپنے ووٹ کے زریعے حمایت کرنا یا مسترد کرنا اور اپنے ووٹوں سے اپنی مرضی سے اپنے نمائندے منتخب کرنا ہر پاکستانی شہری کا آئینی حق ہے اورعوام کو اسکے ووٹ کے آئینی حق سے کوئی محروم نہیں کر سکتا۔

آفاق احمد نے کہا کہ مہاجر عوام 6فروری کو مزار قائد پہنچنے کی تیاری کرینگے اپنی عوام کی موجودگی میں اہم اعلان کرونگا جس سے سندھ کے شہری علاقوں کی سیاست میں بہت بڑی تبدیلی آئے گی۔ آفاق احمد نے کہا کہ انتخابات کے حوالے سے جان بوجھ کر بے یقینی پیدا کی جارہی ہے،تاکہ کم سے کم شہر ی ووٹ ڈالنے گھر سے باہرنکلیں کیونکہ ریاستی مشینری جانتی ہے کہ عوام نے بڑی تعداد میں ووٹ کاسٹ کردئیے تو من پسند افرار کو کامیاب کروانے کیلئے انتخابی نتائج میں کار ستانیاں کرنا ممکن نہیں ہوگا۔آفاق احمد نے مہاجر عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ انتخابات والے دن اپنے ووٹ سے سازشی عناصرکو بتادیں کہ مہاجر متحداور زندہ قوم ہے۔