پہاڑی علاقوں میں برفباری، سیاحوں کیلئے نئی ایڈوائزری جاری

برفباری اگلے ہفتے تک جاری رہ سکتی ہے، کاغان میں سیاحوں کا داخلہ روک دیا گیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 5 فروری 2024 12:10

پہاڑی علاقوں میں برفباری، سیاحوں کیلئے نئی ایڈوائزری جاری
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 05 فروری 2024ء ) ملک کے پہاڑی علاقوں میں برفباری کے حوالے سے سیاحوں کیلئے نئی ایڈوائزری جاری کردی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق محکمہ موسمیات نے سیاحوں کو خبردار کیا ہے کہ ملک کے شمالی علاقوں کے تفریحی مقامات پر مزید برف باری ہوسکتی ہے، اب تک کالام میں 7 انچ ،مالم جبہ اور مری میں 4 انچ برف پڑ چکی ہے، یہ برفباری اگلے ہفتے تک جاری رہ سکتی ہے، اس دوران گلگت بلتستان میں دیامر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، غانشے اور شگر جب کہ آزاد جموں و کشمیر میں وادی نیلم، مظفر آباد، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سُدھانوٹی، کوٹلی، بھمبر اور میر پور میں برف باری ہوسکتی ہے، خیبر پختونخوا میں چترال، دیر، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، کوہستان، شانگلہ، مری اور گلیات میں برف باری متوقع ہے، اسی کے پیش نظر کاغان ڈیویلپمنٹ اتھارٹی نے مانسہرہ ناران جالکھڈ روڈ کاغان سے بند کرکے سیاحوں کا داخلہ روک دیا ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ پنجاب میں ڈزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی نے سیاحوں کے لیے خصوصی ایڈوائزری جاری کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ سفر سے قبل موسم کی اپ ڈیٹ لیں، اپنی گاڑی کو اچھی طرح چیک کرلیں، فیول ٹینک بھرا ہوا رکھیں، پرانے ٹائر والی گاڑی میں سفر نہ کریں اور ٹائروں میں ہوا کم رکھیں، برف باری والے علاقوں میں گاڑی کو پھسلنے سے بچانے کے لیے ٹائروں میں رنجیریں لگائی جائیں، ٹریفک جام کی صورت میں بھی انجن بند نہ کی اجائے اور دھویں کا اخراج یقینی بنایا جائے۔

پی ڈی ایم اے نے سیاحوں کو مشورہ دیا ہے کہ کھڑکیاں بند ہونے کی صورت میں کار کا ہیٹر طویل دورانیے کے لیے آن نہ رکھا جائے، اشیائے خور و نوش وافر مقدار میں لے کر سفر کیا جائے اور گرم کپڑے زیادہ تعداد میں ساتھ رکھیں،اور کسی بھی ہنگامی حالت میں پی ڈی ایم اے سے 1199 پر یا پھر موٹر وے اتھارٹی سے 130 پر رابطہ کیا جائے۔