عام انتخابات کے سلسلہ میں پریذائیڈنگ افسران میں انتخابی میٹریل کی تقسیم شروع

بدھ 7 فروری 2024 14:06

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 فروری2024ء) عام انتخابات کے سلسلہ میں 8 فروری کو پولنگ کیلئے پریذائیڈنگ افسران میں انتخابی میٹریل کی تقسیم شروع کردی گئی ہے جسے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکاروں کی سخت سکیورٹی میں پولنگ سٹیشنز پر روانہ کیا جارہاہے۔ ضلع فیصل آبادمیں قومی اسمبلی کے10اورصوبائی اسمبلی کے21 حلقوں میں پولنگ کے ضمن میں حساس قرار دیئے گئے پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کردیئے گئے ہیں ۔

ضلع فیصل آباد میں ووٹرز کی کل تعداد52 لاکھ 97ہزار 899 ہے۔یہاں قومی اسمبلی کے10 حلقوں میں رانا ثنا اللہ خان،عابد شیرعلی،حاجی اکرم انصاری،ملک نواب شیروسیر، علی گوہربلوچ، ہمایوں اخترخان سمیت کئی اہم امیدوار میدان ہیں۔فیصل آباد ضلع کے10قومی اور 21صوبائی اسمبلی کے حلقوں کیلئے مجموعی طور پر3687 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں جن میں سے 475 پولنگ اسٹیشنز کو اے کیٹیگری میں شامل کر کے حساس ترین، 1695کو بی کیٹیگری میں شامل کرتے ہوئے حساس اور 1517 پولنگ اسٹیشنز کو سی کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

حساس ترین قرار دیئے جانیوالے حلقہ این اے95 میں 91 پولنگ سٹیشنز،حلقہ این اے96 میں 14 پولنگ سٹیشنز، حلقہ این اے97 میں 71 پولنگ سٹیشنز،حلقہ این اے98 میں 30 پولنگ سٹیشنز، حلقہ این اے99 میں 45 پولنگ سٹیشنز، سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خاں کے حلقہ این اے100 میں سب سے زیادہ 95 پولنگ اسٹیشنز کو حساس ترین قرار دیا گیا ہے۔ حلقہ این اے101 میں 33 پولنگ اسٹیشنز،حلقہ این اے102 میں 26 پولنگ سٹیشنز،حلقہ این اے103 میں 40پولنگ سٹیشنز اور حلقہ این اے104 میں 30 پولنگ سٹیشنز کو حساس ترین قرار دیا گیا ہے۔

مذکورہ حلقوں کے پولنگ اسٹیشن میں کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے پولیس کی بھاری نفری تعینات کرنے کے ساتھ ساتھ پولنگ اسٹیشنزپر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے اقدامات کئے گئے ہیں۔ فیصل آباد میں ووٹرز کی کل تعداد52 لاکھ 97ہزار 899 ہے جن میں رجسٹرڈ مرد ووٹرز کی تعداد 27 لاکھ 89 ہزار594جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 23 لاکھ 92 ہزار 864 ہے۔