سیاسی جماعتوں کو جمہوری عمل سے دور کرنے کی کوشش کا نتیجہ بلوچستان میں بھیانک نکلے گی یہ بلوچستان کی امن کے خلاف ایک سازش ہے، جان محمد بلیدی

ہفتہ 10 فروری 2024 22:30

ؒ کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 فروری2024ء) نیشنل پارٹی کے سیکرٹری جنرل جان محمد بلیدی نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو جمہوری عمل سے دور کرنے کی کوشش کا نتیجہ بلوچستان میں بھیانک نکلے گی یہ بلوچستان کی امن کے خلاف ایک سازش ہے، نیشنل پارٹی اور قوم پرست سیاسی جماعتوں کو دیوار سے لگانے کی سازش کی جارہی ہے ملک شاہ نامی شخص کو عوام پر مسلط کیا گیا یہ شخص باہر سے لے کر پیسہ کے زور پر یہاں لایا گیا اس کی سیاسی حیثیت کیا ہے، انہوں نے کہاکہ نواز شریف کو چلو بھر پانی میں ڈوب کر مرنا چاہیے جنہوں نے اسٹیبلشمنٹ سے ساز باز کرکے بلوچستان میں جھرلو انتخابات کی حامی بھری، سردار عطا اللہ مینگل نے کئی سالوں پہلے کہا تھا کہ نواز شریف ایک طوطا چشم انسان ہیں ان پر کبھی بھروسہ نہیں کیا جاسکتا آج انہوں نے یہ ثابت کردیا کہ وہ اپنے مفادات پر بلوچستان کے امن کو تباہ کرنے کے لیے بھی تیار ہیں، پاکستان کے عوام کو غلط فہمی میں مبتلا کیا جارہا ہے مگر یاد رکھیں بلوچستان ووٹ چرانے کے خلاف خاموش نہیں رہے گا، ٹھپہ مافیا یاد رکھے کہ اسے ہم نے بلیدہ اور زامران میں شکست فاش دی بلیدہ کے عوام نے اسے اوقات بتادی، کینٹ اور جی ایچ کیو کے وارث خود کو شہید ایوب بلیدی کا وارث کہنا چھوڑ دیں، وہ کسی سیاسی شخصیت کے وارث نہیں ہوسکتے وہ جی ایچ کیو، کینٹ اور اداروں کے وارث ہوسکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی کا جمہوری انداز اسٹیبلشمنٹ کے لیے ڈرانا خواب بنے گا جسے نہ مقتدر قوتیں نگل سکتی ہیں نہ اگل سکتی ہیں۔

(جاری ہے)

مظاہرہ سے نیشنل پارٹی کے امیدوار میر حمل بلوچ، لالا رشید دشتی، رابطہ جے یو آئی کے رہنما سابق سینیٹر ڈاکٹر اسماعیل بلیدی، مشکور انور ایڈووکیٹ، طارق بابل، فدا جان بلیدی کے علاوہ دیگر کارکنوں نے خطاب کیا، نیشنل پارٹی کے رہنماں نے الزام لگایا کہ 8 فروری کے عام انتخابات میں ضلع کیچ کی تین صوبائی اور قومی اسمبلی کے دو حلقوں کے ساتھ ساتھ کوئٹہ، بارکھان، حب اور دیگر مختلف حلقوں میں کھلی دھاندلی کے ذریعے ان کے کامیاب امیدواروں کے نتائج روک کر ان لوگوں کے حق میں کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا جنہیں ووٹنگ میں عوام نے مسترد کردیا تھا۔