عوام کا فیصلہ من و عن قبول، ڈی سی کوہاٹ کی جانبدارانہ پالیسیوں کی وجہ سے جمعیت علما اسلام کو سخت تکلیف پہنچی ہے،گوہر سیف اللہ خان

اتوار 11 فروری 2024 18:15

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 فروری2024ء) عوام نے جو بھی فیصلہ کیا وہ من و عن قبول ہے مگر ڈی سی کوہاٹ کی جانبدارانہ پالیسیوں کی وجہ سے جمعیت علما اسلام کو سخت تکلیف پہنچی ہے ۔جمعیت علما اسلام کوہاٹ کے رہنما اور امیدوار قومی اسمبلی حلقہ این اے 35 گوہر سیف اللہ خان نے اپنے ایک وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ حالیہ منعقدہ عام انتخابات کے موقع پر ضلعی انتظامیہ باالخصوص ڈپٹی کمشنر کوہاٹ ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر نے جانبداری کا مظاہرہ کر کے الیکشن کمیشن کے صاف اور شفاف انتخابات کے انعقاد کی راہ میں روڑے اٹکائے ہیں ۔

(جاری ہے)

سیٹھ گوہر سیف اللہ خان نے کہا کہ عوام نے جو بھی فیصلہ کیا وہ من و عن قبول ہے مگر ڈی سی کوہاٹ کی جانبدارانہ پالیسیوں کی وجہ سے جمعیت علما اسلام کو سخت تکلیف پہنچی ہے انہوں نے کہا کہ وہ تمام ریاستی اداروں کی بہت قدر کرتے ہیں اس لئے ان کو ڈی سی کوہاٹ سے اس جانبداری کی توقع نہ تھی رہنما جمیعت علما اسلام نے آنے والی صوبائی حکومت سے پرزور اپیل کی کہ ایسے جانبدار افیسر کے خلاف حقیقت پسندانہ انکوائری کی جائے اور اس جرم میں ملوث ثابت ہونے پر ان کے خلاف تادیبی کاروائی کی جائے گوہر سیف اللہ خان نے نو منتخب ممبر قومی اسمبلی شہریار خان افریدی ، نو منتخب ایم پی اے شفیع اللہ جان اور منتخب ایم پی اے آفتاب عالم آفریدی ایڈووکیٹ کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ اپنی تمام تر توانائیاں کوہاٹ کی تعمیر اور ترقی پر صرف کریں گے انہوں نے مزید کہا کہ کوہاٹ کے بہتر مستقبل کے لئے وہ ہمیشہ اپنی اواز اٹھائیں گے اور اگر منتخب ممبران نے کوہاٹ کی خدمت نہ کی تو وہ عوام کے ساتھ کھڑے ہوں گی