فلسطینی مسلمانوں پر مظالم کی انتہا ہوچکی، سینیٹر ساجد میر

امریکہ اور یورپ کی دوغلی پالیسیوں نے دنیا کے امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے، امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث

اتوار 11 فروری 2024 19:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 فروری2024ء) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے امیر سینیٹرپروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ فلسطینی مسلمانوں پر مظالم کی انتہا ہوچکی، اقوام متحدہ، سلامتی کونسل اور او آئی سی کی شرمناک بے حسی قابل مذمت ہے، فلسطینیوں کی آہ و بکا عرش پر پہنچ رہی ہے ہمیں ڈرنا چاہیے دنیا اللہ کے عذابوں کا شکار نہ ہوجائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز مرکزی جمعیت اہل حدیث سندھ کے زیر انتظامدفاع فلسطین علما کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کنونشن سے ممتاز عالم دین علامہ عبد اللہ ناصر رحمانی،پروفیسر ابراہیم بھٹی،مفتی یوسف قصوری،پروفیسر حافظ محمد سلفی،ڈاکٹر عبد الحئی مدنی، مولانا ابراہیم طارق، مولانا افضل سردار، حافظ فیصل افضل شیخ، محمد اشرف قریشی، سید عامر نجیب، حافظ عبد الحمید گوندل، مولانا عبد اللہ ناصر مدنی، ایم مزمل صدیقی، مفتی رفیق سلفی، مولانا یوسف کاظم، مولانا انس مدنی، حافظ سلمان اعظم، مولانا سلمان احمد، مولانا اسحاق نذیر، مولانا کامران سلیم، مولانا نعمان اصغر چوہدری خالد محمود ادریس گجر، مولانا عبد الوھاب سیٹھار، مولانا محب اللہ زئی، اور دیگر علمائے اہل حدیث نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر ساجد میر نے کہا کہ شرم کی بات ہے کہ یہودی غزہ کے مسلمانوں پر ظلم کرتے ہوئے نہیں تھکے مسلمان ان کی مصنوعات کا بائیکاٹ کرتے ہوئے تھک گئے۔ انہوں نے کہا کہ یہودی مصنوعات کا بائیکاٹ پوری شدت سے جاری رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور یورپ کی دوغلی پالیسیوں نے دنیا کے امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے، انہیں یوکرین جنگ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی نظر آتی ہے لیکن فلسطین میں مسلمانوں کی نسل کشی نظر نہیں آتی۔