اوپن یونیورسٹی کی اکیڈمک کونسل کا اجلاس،متعدد تبدیلیوں کی منظوری

منگل 13 فروری 2024 17:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2024ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی اکیڈمک پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کمیٹی اور ریسرچ اینڈ ایجوکیشنل ٹیکنالوجی کمیٹی کا 50واں مشترکہ اور اکیڈمک کونسل کا 66واں اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرناصر محمودکی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس کی نظامت اور معاونت کا فریضہ رجسٹرا راجہ عمر یونس نے سرانجام دیا ،اس کے علاوہ تمام شعبہ جات کے صدر، پرنسپل افسران و بیرونی ممبران شریک تھے۔

اجلاس میں اتفاق رائے سے گزشتہ میٹنگ کے منٹس منظور کئے،ایسوسی ایٹ ڈگری اور بی ایس پروگراموں میں داخلے کی اہلیت میں تبدیلی کی بھی منظوری دے دی،بعض کورسز کے عنوانات اور موضوعات کی تبدیلی کی بھی منظوری دی،ایم فل جینڈر اینڈ وومن اسٹڈیز اور ایگریکلچرل ٹیکنالوجی میں پی ایچ ڈی پروگرام ، عربی کے مختلف کورسز کے ساتھ ساتھ تجوید القرآن اور کرمنالوجی میں سرٹیفکیٹ پروگرام، انسداد پرتشدد انتہا پسندی اور دہشت گردی، میڈیکل مائیکرو بیالوجی، مالیکیولر ڈائیگناسٹک ، کلائیمیٹ چینج اینڈ سسٹین ابیلیٹی، پبلک ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن، سسٹین ایبل انوائرنمنٹل ڈیزائن، انٹرنیشنل فنانشل رپورٹنگ اسٹینڈرڈز میں ڈپلومہ پروگرام اور سہ ماہی شارٹ کورسز کے ساتھ کیمسٹری میں اسکل بیسڈ کرسزآفر کرنے کی منظوری دی۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرناصر محمودنے فیکلٹی ممبران اور ڈینز کوہدایت کی کہ کورسز ڈیزائن کرنے اور تدریس مواد کی تیاری میں یونیورسٹی اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کی پالیسی کولازمی ملحوظ خاطررکھا جائے ۔انہوں نے نئے ممبران کو تعارف کراتے ہوئے بہتر اور معیاری تعلیم کےلئے ہر ممکن کوشش کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ یونیورسٹی کی سپریم باڈی(ایگزیکٹو کونسل)کے آئندہ اجلاس میں اِن فیصلوں اور منظوریوں کی توثیق کی جائے گی۔