یو ای ٹی میں سٹیم مقابلہ جات کا انعقاد، پہلی تین پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا کو کیش انعامات دینے کا اعلان

منگل 13 فروری 2024 18:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 فروری2024ء) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور میں سٹیم(سائنس،ٹیکنالوجی،انجینئرنگ،ریاضی)مقابلہ جات اور سالِ آخر کے پراجیکٹس کی نمائش کا انعقاد کیا گیا۔ نمائش کا انعقاد یو ای ٹی سائنس سوسائٹی نے کیا۔سٹیم مقابلوں میں یو ای ٹی لاہور کے تمام شعبہ جات کے ساتھ ساتھ اس کے سب کیمپسز،جس میں یو ای ٹی فیصل آباد، یو ای ٹی نارووال،یو ای ٹی نیو کیمپس کالا شاہ کاکو اور رچنا کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی گوجرانوالہ شامل ہیں،نے بھی بھر پور شرکت کی۔

وائس چانسلر یو ای ٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر ناصر حیات نے سائنس سوسائٹی کے ایڈوائزرا پروفیسر ڈاکٹر شاہد رفیق کے ہمراہ تقریب کا افتتاح کیااور پور ے پاکستان سے 20سے زائد جامعات کے طلبا کی جانب سے لگائے گئے 71اسٹالزکا دورہ بھی کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سٹیم مقابلہ جات کا انعقاد بہت حوصلہ افزا ہے۔اس طرح کے مقابلوں سے طلبا میں نئی ایجادات کرنے کے حوالے سے نا صرف شوق پیدا ہوتا ہے بلکہ یہ طلبا میں تنقیدی سوچ،خودکار طریقے سے کام کرنے اور آپس میں تعاون کو فروغ دیتے ہیں۔

آج کے اس مقابلے میں بھی بہت سارے پراجیکٹ ایسے ہیں جن پر توجہ دی جائے تو مستقبل میں ملک کی ترقی کے حوالے سے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔سٹیم مقابلہ جات ہر سال سائنس اور ٹیکنالوجی کے طلبا کی صلاحیتوں کو ابھارنے کیلئے منعقد کئے جاتے ہیں۔ یہ مقابلہ جات پہلے یونیورسٹی کی سطح پر اور پھر بین الیونیورسٹی سطح پر کروائے جاتے ہیں۔جس کے تحت پہلے تین درجات حاصل کرنے والے طلبات میں انعامات تقسیم کئے جاتے ہیں۔رواں سال بھی طلبا و طالبات کی حوصلہ افزائی کیلئے پہلی،دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا میں بالترتیب 50ہزار،30ہزار اور20ہزار کے کیش انعامات دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔