طلبا میں مقابلے کے رجحان کو فروغ دینے کیلئے ہم نصابی سرگرمیاں ضروری ہیں، وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی

منگل 13 فروری 2024 22:32

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2024ء) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا ہے کہ طلباطالبات میں مقابلے کے رجحان کو فروغ دینے کے لئے ہم نصابی سرگرمیوں کا انعقاد ضروری ہے۔وہ پنجاب یونیورسٹی شعبہ امور طلبا کے زیر اہتمام چار روزہ انٹرڈیپارٹمنٹل ہم نصابی مقابلوں کی افتتاحی تقریب سے الرازی ہال میں خطاب کررہے تھے۔

اس موقع پر ڈائریکٹر شعبہ امور طلبا ڈاکٹر محمد علی کلاسرا، فیکلٹی ممبران اور طلبا طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ ہم نصابی سرگرمیوں سے طلبا میں خود اعتمادی، گفتگو میں مہارت اورصلاحیتوں میں نکھار پیدا ہوتاہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نصابی سرگرمیاں تعلیمی نصاب کا اہم جز وہوتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انسان کو ہمیشہ سیکھنے کا عمل جاری رکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود بہترین تقریب کے انعقاد پر پنجاب یونیورسٹی شعبہ امور طلبا کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔انہوں نے امید ظاہرکی کہ طلبا اس پلیٹ فارم سے سیکھ کر ہر سطح پرپاکستان اور پنجاب یونیورسٹی کا نام روشن کریں گے۔ ڈاکٹر محمد علی کلاسرا نے کہا کہ تقریبا پانچ سال بعد شعبہ امور طلبا کے زیر اہتمام وائس چانسلر ڈاکٹر خالد محموکی رہنمائی اور ویژن کی روشنی میں چار روزہ ہم نصابی مقابلوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے جو آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مختلف شعبہ جات کے سینکڑوں طلبا قرات، مضمون نویسی،شاعری، بیت بازی، پارلیمانی مباحثے، دو لسانی تقاریر، کوئز، نعت، ملی نغمے اور انگریزی شاعری کے مقابلوں میں حصہ لیں رہے ہیں۔