گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی میں سیلف اسسمنٹ میٹنگز کا آغاز ہوگیا

منگل 13 فروری 2024 22:53

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2024ء) گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد میں سیلف اسسمنٹ میٹنگز کا آغاز ہوگیا، تمام ڈگری پروگرامز کی جانچ کا عمل27 فروری تک جاری رہے گا۔ ڈائریکٹوریٹ آف کوالٹی انہانسمنٹ کے زیر اہتمام سیلف اسسمنٹ میٹنگ کے دوران خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر ظل ہما نازلی نے کہا کہ معیاری تدریس گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ معیاری اور بہترین تعلیم کی فراہمی کو یقینی بناتے ہوئے ورلڈ رینکنگ میں بہترین درجہ بندی کی جانب گامزن ہیں۔ انہوں نے یونیورسٹی میں معیار کو یقینی بنانے کیلئے شعبہ کیوای سی کی ڈائریکٹر ڈاکٹر عاصمہ خالد اور ان کی ٹیم کی موثر کارکردگی کو سراہا۔ سیلف اسسمنٹ میٹنگ میں تمام ڈگری پروگرامز میں بی ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی کی جانچ کا عمل شروع ہو چکا ہے جو کہ 13فروری سے 27 فروری تک جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

سیلف اسسمنٹ رپورٹس کے متعلق ڈیٹا متعلقہ شعبوں کے ذریعے مرتب کیا جاتا ہے اور کوالٹی ایشورنس ایجنسی، ایچ ای سی کی جانچ پڑتال کے بعد ڈائریکٹوریٹ آف کیو ای سی میں جمع کروایا جاتا ہے جس کی مزید جانچ پڑتال کے لئے اسسمنٹ پروگرام ٹیم ممبرز کو پاکستان بھر کی اعلیٰ درجہ کی یونیورسٹیوں سے نامزد کیا جا تا ہے جس میں ان کے ساتھ یونیورسٹی کے اندرونی اسسمنٹ پروگرام ٹیم ممبرز بھی شامل ہوتے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کے چیئرپرسن اور ان کے پروگرام کوآرڈینیٹرز کے ساتھ 2023-24 کے منصوبے سے متعلق سوالات کیے اور خود تشخیص سے متعلق اپنے نتائج اور سفارشات پیش کیں۔