ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی وسعت سے قومی خزانے کو 30 سے40 ارب کا ریونیو حاصل ہوگا، ڈاکٹر خلیل احمد ڈوگر

جمعرات 15 فروری 2024 22:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 فروری2024ء) بچوں کے حقوق کیلئے کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیم سپارک نے تمباکو کمپنیوں کی شمولیت کے لیے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے قومی خزانے کو 30 سے40 ارب کا ریونیو حاصل ہوگا، یہ اقدام نہ صرف غیرقانونی تجارت کو روکنے میں مدد دے گا بلکہ تمباکو کی مصنوعات کے نقصانات سے پاکستانی بچوں کے تحفظ اور صحت عامہ پر خرچ کرنے کیلئے اضافی وسائل کی فراہمی میں بھی مفید ثابت ہوگا۔

جمعرات کو جاری ایک بیان میں سپارک کے پروگرام منیجر ڈاکٹر خلیل احمد ڈوگرنے کہا کہ مارکیٹ میں سگریٹ کی سمگل شدہ مصنوعات کے پھیلائو کے بارے میں تمباکو کی صنعت کے دعوے حقیقت سے مطابقت نہیں رکھتے، درحقیقت سمگل شدہ اشیاء کی شرح صنعت کے دعویٰ کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ زیادہ تر مصنوعات جن پر غیرقانونی تجارت کا لیبل لگایا جاتا ہے، درحقیقت ٹیکس چوری کی مشق کا نتیجہ ہے، یہ عمل نہ صرف ملکی معیشت کو نقصان پہنچاتا ہے بلکہ تمباکو کی مصنوعات کو مزید قابل رسائی بنا کر بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے بھی براہ راست خطرہ بنتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کو وسعت دینا بچوں کے حقوق اور بہبود کے تحفظ کی جانب ایک اہم قدم ہوگا۔ خلیل احمد ڈوگر نے کہا کہ معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ تمباکو کی مصنوعات ہمارے نوجوانوں کے ہاتھوں میں نہ جائیں ، تمباکو کی غیر قانونی تجارت کا مقابلہ اور صحت عامہ کا تحفظ خاص طور پر بچوں کی صحت کو محفوظ کرنا اولین ترجیح ہونی چاہیئے۔

متعلقہ عنوان :