پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کی کوآرڈینیشن کمیٹیوں کے مشترکہ اجلاس کا دوسرا دور مکمل، تیسرا دور (آج) جمعہ کو ہوگا

جمعرات 15 فروری 2024 22:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 فروری2024ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کی کوآرڈینیشن کمیٹیوں کے مشترکہ اجلاس کا دوسرا دور مکمل ہو گیا ہے جبکہ تیسرا دور (آج) جمعہ کو ہوگا جس میں سفارشات کو حتمی شکل دی جائے گی جو پارٹی قیادت کو منظوری کے لئے بھیجی جائیں گی۔

(جاری ہے)

جمعرات کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں جماعتوں کے درمیان طے کیا گیا کہ کوآرڈینیشن کمیٹیوں کی مشاورت کی تیسری نشست (آج) جمعہ کو ہوگی۔

اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے سینیٹر اسحاق ڈار، سردار ایاز صادق، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اور ملک محمد احمد خان شریک ہوئے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی طرف سے سیّد مراد علی شاہ، قمر زمان کائرہ، سعید غنی، سردار بہادر خان سیہڑ، ندیم افضل چن اور شازی خان شریک ہوئے۔ حکومت سازی کے حوالے سے اجلاس کے دوسرے دور میں طے پایا کہ دونوں کمیٹیوں کے نمائندگان اپنی سیاسی قیادت سے مشاورت کے بعد کل تیسرا راؤنڈ منعقد کریں گے تاکہ سفارشات کو حتمی شکل دی جا سکے۔