w گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس نے حالیہ انتخابات کو مسترد کردیا

جمعہ 16 فروری 2024 07:05

ةحیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 فروری2024ء) گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے رہنما ڈاکٹر صفدر عباسی،ایاز لطیف پلیجو، حسنین مرزا ، سردار عبدالرحیم نے حالیہ انتخابات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جعلی اور بوگس انتخابات تھے ہم ان انتخابات کو نہیں مانتے ۔ دوبارہ صاف اور شفاف انتخابات کروائے جائیں۔اس طرح سسٹم نہیں چل سکتا ۔

آپ نے ہمیں سڑکوںپر پھینکا ہے تو پھر سڑکوں کی جنگ ہوگی۔وہ حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کررہے تھے۔اس موقع پر سندھ یونائیٹیڈ پارٹی کے روشن برڑو، مسلم لیگ فنکشنل کے چوہدری ظفراللہ ایڈوکیٹ اور دیگر بھی موجو د تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا پیپلز پارٹی سے سندھ میں ہر سیٹ پر ون ٹو ون کا مقابلہ تھا۔ ہم نے بھرپور انتخابی مہم چلائی لیکن ہمیں ایک منصوبے کے تحت ہروایا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آ پ ہمیں سڑکوں پر پھینک رہے ہیں تو پھر سڑکوں پر ہی جنگ ہوگی۔ ہم سپر ہائی وے پر جمعہ کو بھرپور احتجاج کریں گے دھرنا دیں گے جس کے بعد سے ہماری تحریک کا آغاز ہوگا پھر جب سندھ اسمبلی کا اجلاس ہوگا تو ہم اس کا بھی گھیرا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ اگر شفاف الیکشن ہوتے تو ہم سندھ میں حکومت بنا سکتے تھے ۔ جی ڈی اے کے اجلاس میں پیر صاحب پگارا نے ہمیں بتایا تھا کہ ایک دوست ہمارے پاس آ ئیے تھے اور انہوں نے کہا کہ آ پ جی ڈی اے ختم کرکے پیپلز پارٹی کا ساتھ دیں ورنہ سندھ میں ایک سیٹ بھی نہیں ملے گی جس پر پیر پگارا نے انہیں منع کر دیا تھا جس کے بعد ہمیں سندھ میں کوئی ڈیٹ نہیں ملی لیکن ہم اس الیکشن کے ذریعے دھاندلی کرنے والوں کو بے نقاب کرنا چاہتے تھے ۔

ہر الیکشن پچھلے الیکشن سے زیادہ دھاندلی زدہ ہوتے ہیں۔اس دفعہ دھاندلی کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے ، انہوں نے کہاکہ اگر ہمارے مطالبات نہیں مانے گئے تو پھر ہم دم دمادم مست قلندر کریں گے۔ ہم چاہتے تھے کہ جمہوری اقدار کو مضبوط کریں لیکن دھاندلی کے ذریعے ہمیں اس عمل سے ہی باہر کردیا گیا۔ اگر شفاف الیکشن ہوتے تو ہم سندھ میں حکومت بناتے، لوگوں کو دیوار سے لگایا جارہا ہے اس کا نقصان فیڈریشن کو ہوگا۔

1970 ء میں بنگالیوں کی جیتی ہوئی نشستوں کے باوجود انہیں دیوار سے لگایا گیا وہی عمل اب دوہرایا جارہا ہے ۔ قومی سیاست سے سندھ کا ذکر ہی ختم کردیا گیا ہے ، کہا جاتا ہے کہ سندھ تو ہے ہی پیپلزپارٹی کا لیکن ہم سپرہائی وے پر دھرنے میں یہ بتادیں گے کہ سندھ کس کا ہے اور سندھ کے عوام کس کے ساتھ ہیں۔