سعودی عرب میں دو شہریوں کو سزائے موت سنادی گئی

قومی سلامتی کیلئے خطرہ پیدا کرنے پردونوں افراد کو سزائے موت دی گئی ،وزارت داخلہ

جمعہ 16 فروری 2024 15:11

سعودی عرب میں دو شہریوں کو سزائے موت سنادی گئی
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2024ء) سعودی عرب میں وزارت داخلہ کی جانب سے دہشت گرد سیل بنانے اورقومی سلامتی کے لیے خطرہ پیدا کرنے والے دو افراد کو سزائے موت دیدی گئی۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق عدالت کی جانب سے جرم ثابت ہونے پر مذکورہ افراد کی موت کی سزا سنائی گئی تھی۔

(جاری ہے)

وزارت داخلہ کا اس حوالے سے کہنا تھاکہ سعودی شہری عبد العزیز بن صالح التویم اور سامی بن سیف جیزانی نے ملک کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کی کوشش کی ہے، ملزمان نے سیکیورٹی فورس سے وابستہ افراد کو نشانہ بنانے کے لیے دہشت گرد سیل بنایا۔

مذکورہ افراد کے مجرمانہ منصوبوں کے باعث ایک سیکیورٹی اہلکار جان کی بازی ہار گیا۔دو ملزمان کو گرفتار کرکے عدالت کے روبرو پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے جرم ثابت ہونے پر دونوں ملزمان کو سزائے موت دیدی۔سعودی وزارت داخلہ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ مکہ مکرمہ ریجن میں عدالت کا فیصلہ نافذ کردیا گیا ہے۔