اسلام آباد ہائیکورٹ کی تین حلقوں کی انتخابی عذرداری سے متعلق درخواستوں پر الیکشن کمیشن کو معاملہ دیکھنے کی ہدایت

جمعہ 16 فروری 2024 19:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 فروری2024ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت کے حلقہ این اے-46, 47 اور 48 کی انتخابی عذرداری سے متعلق درخواستوں کے حوالہ سے الیکشن کمیشن کو معاملہ دیکھنے کی ہدایت کردی۔جمعہ کے روز سماعت کے دوران چیف جسٹس عامرفاروق کی عدالت میں محفوظ شدہ فیصلہ سنایا گیا۔

(جاری ہے)

عدالت نے اسلام آباد کے تین حلقوں کے انتخابی نتائج کے خلاف درخواستوں پر فیصلہ میں کہا کہ الیکشن کمیشن میں درخواستیں زیرالتواء ہوتے ہوئے ہائیکورٹ کی مداخلت مناسب نہیں،درخواست گزاروں نے الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن واپس لینے کی استدعا کی تھی ۔

الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن درخواستوں پر فیصلہ کرے گا۔ الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا کہ فیصلے کے مطابق قانون اپنا راستہ خود بنائے گا،مناسب رہے گا کہ الیکشن کمیشن درخواست گزاروں کی درخواستوں پر فیصلہ کرے۔عامر مغل نے حلقہ این اے-46 ، شعیب شاہین نےاین اے-47 جبکہ علی بخاری نےاین اے-48 کے نتائج کو چیلنج کر رکھا تھا۔