کمشنر راولپنڈی کے الزامات کی مکمل تحقیقات کی جائیں ،ان کا نام ای سی ایل میں ڈا لا جائے، مریم اورنگزیب

ہفتہ 17 فروری 2024 22:26

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2024ء) پاکستان مسلم لیگ( ن) کی ترجمان و سابق وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمشنر راولپنڈی کے الزامات کی مکمل تحقیقات اوران کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ(ای سی ایل)میں ڈا لا جائے،پاکستان کو معاشی بحران سے نکالنے کے بارے میں سوچنا چاہیے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز پارٹی رہنما عطا تارڑ اور عظمی بخاری کے ہمرا ہ یہاں ماڈل ٹائون پارٹی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ انتخابات کے نتائج میں کمشنر کا کوئی اختیار نہیں ہوتا ،وہ نہ آراو ہوتا ہے اور نہ ہی ڈی آراو ، کمشنر راولپنڈی کے الزامات کے پیچھے کوئی تو ثبوت ہونا چاہیے،اسے عوام اور الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کیا جانا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جو الزام لگائے اور ثبوت نہ دے، اس کو کڑی سے کڑی سزا ملنی چاہیے، کمشنر نے بیان دیا کہ راولپنڈی میں جہاں پی ٹی آئی ہاری وہاں 50،50ہزار ووٹوں کی دھاندلی ہوئی، پی ٹی آئی کے جیتے گئے حلقوں کے علاوہ راولپنڈ ی میں دھاندلی ہوئی ہے،موصوف کہہ رہے ہیں کہ راولپنڈی ڈویژن میں جعلی لیڈ دے کرامیدواروں کوجتوایا گیا،آپ کو تو الیکشن کمیشن میں جانا چاہیے تھا ،جہاں3 دن نتائج رکے رہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ کمشنر راولپنڈی کہتے ہیں کہ فارم45 میں کوئی غلطی نہیں، کمشنرکو چاہیے کہ وہ ثبوت دے چاہے ،وہ میڈیا کو ہی ثبوت پیش کر دے، 8دن کے بعد خود کو پولیس کے حوالے کرنے کی کیاضرورت ہے، تحقیقات ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آ ئی کو انتخابات کے نتائج پر کوئی اعتراض ہے تو وہ الیکشن کمیشن یا عدالتوں میں جائے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ اس وقت سب کو مل بیٹھ کر یہ سوچنا چاہیے کہ پاکستان کو معاشی مشکلات سے کیسے نکالنا ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ کمشنر راولپنڈی کا نام ای سی ایل میں ڈالا اور اس کے سارے ریکارڈ کو قبضے میں لیا جائے .