Live Updates

انتخابات میں دھاندلی کیخلاف جی ڈی اے کا 20 فروری کو دھرنے کا اعلان

کمشنر راولپنڈی نے جعلی مینڈیٹ کی بلی کو تھیلے سے باہر پھینک دیا، جمہوری حق کے حصول تک جدوجہد جاری رہے گی۔ سیکرٹری اطلاعات جی ڈی اے سردار عبدالرحیم کا بیان

Sajid Ali ساجد علی اتوار 18 فروری 2024 11:48

انتخابات میں دھاندلی کیخلاف جی ڈی اے کا 20 فروری کو دھرنے کا اعلان
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 فروری 2024ء ) گرینڈ ڈیموکریٹ الائنس (جی ڈی اے) نے انتخابات میں دھاندلی کیخلاف 20 فروری کو دھرنے کا اعلان کردیا۔ سیکرٹری اطلاعات جی ڈی اے سردار عبدالرحیم نے اپنے ایک بیان میں جامشورو دھرنے میں شرکت پر سیاسی جماعتوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوری حق کے حصول تک جدوجہد جاری رہے گی، کمشنر راولپنڈی نے دھاندلی کا اعتراف کیا ہے، کمشنر نے جعلی مینڈیٹ کی بلی کو تھیلے سے باہر پھینک دیا، جی ڈی اے کا مطالبہ ہے کہ اس جعلی الیکشن کو کالعدم قرار دیا جائے اور الیکشن کمیشن نئے غیرجانبدار انتخابات کرائے۔

انتخابات 2024ء میں مبینہ دھاندلی کیخلاف جامشورو ٹول پلازہ پر جی ڈی اے کے دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے صدر جی ڈی اے پیر سید صبغت اللہ شاہ راشدی پیرپگارا نے کہا کہ آپ لوگوں نے دیکھا ہوگا کہ میں الیکشن مہم کے دوران کہیں بھی نہیں نکلا، اپنے گھر پر ہی رہا، دوستوں نے کہا کہ جلسہ کریں، کارنر میٹنگز کریں، میں نے منع کردیا تھا، کیوں کہ جلسہ مفت میں نہیں ہوتا، ایک جلسے پر 8 سے 10 کروڑ روپے خرچہ ہوتا ہے، کیوں میں منع کررہا تھا کیونکہ الیکشن سے اڑھائی تین ماہ پہلے نتیجہ بِک چکا تھا اور ادائیگی بھی ہوچکی تھی، ہمیں اڑھائی ماہ پہلے پتا چل گیا تھا کہ پیمنٹ کہاں کہاں ہوئی؟۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اب اس الیکشن نے ثابت کردیا ہے کہ کوئی بھی سیاسی جماعت اور کوئی بھی سیاسی لیڈر نیشنل لیول کا نہیں رہا بلکہ صوبے کی سطح پر آگئے ہیں، انتخابات کے خلاف احتجاج کرنا ہمارا آئینی حق ہے، الیکشن میں ڈاکہ ڈالا گیا ہے، باقی فوج ہماری ہے وہ ہماری فیڈریشن کو سنبھالے ہوئے ہیں، جو فوج وفاق کو سنبھالے ہوئے اس سے اختلاف کا سوچ بھی نہیں سکتے، سیاسی اختلافات ہوتے رہتے ہیں، میں سیاست سے تھوڑا دور اس لئے رہتا ہوں کیوں کہ میں سمجھتا ہوں جو جتنا اچھا جھوٹ بول سکے گا وہ اتنا اچھا لیڈر بن سکے گا جہاں تک الیکشن کا سوال ہے جو الیکشن جیتا بھی ہے وہ خود سر پکڑ کر بیٹھا ہوا ہے، جب جس کو ہروایا گیا ہے یا جو ہارا ہے وہ ہم سب کے ساتھ احتجاج کررہا ہے۔

پیرپگارا نے کہا کہ اب فیصلے کرنے والوں کو سوچنا پڑے گا کہ ان کے ساتھ کوئی قومی سطح کا لیڈر نہیں ہے، انٹراپارٹی الیکشن جس طرح پی ٹی آئی نے کرایا، اسی طرح ن لیگ، پیپلزپارٹی اور فنکشنل لیگ نے کرایا لیکن پی ٹی آئی کے انٹراپارٹی الیکشن کی وجہ سے الیکشن کمیشن نے زمین آسمان ایک کردی، ابھی جو اتنی بڑی خریدوفروخت ہوئی ہے تو الیکشن کمیشن کہاں ہے؟ عمران خان کو چور کہتے ہیں، چلو ٹھیک ہے چور ہے، کیا کیا توشہ خانہ میں؟ لیکن جو پہلے تھے کیا انہوں نے گاڑیاں نہیں لیں؟ میری نظر میں عمران خان چور نہیں ہے غلطی ہوئی ہے، غلطی انسان سے ہوتی ہے، اگر عمران خان چور ہے تو پھر ہم سب چور ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات