Live Updates

190 ملین پائونڈ کیس،درخواست ضمانت سماعت کیلئے مقرر

عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر فرد جرم کی کارروائی ایک بار پھر مؤخر

بدھ 21 فروری 2024 22:58

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 فروری2024ء) اسلام آبادہائی کورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں درخواست ضمانت سماعت کے لیے مقررکرتے ہوئے جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز پر مشتمل بینچ تشکیل دے دیاگیاہے۔اسلام آباد ہائیکورٹ کا دو رکنی بینچ 26 فروری کو سماعت کرے گا۔احتساب عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی۔

بانی پی ٹی آئی جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیںدوسری جانب 190ملین پاؤنڈز ریفرنس میں بانی تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر فرد جرم کی کارروائی ایک بار پھر مؤخر کردی گئی۔احتساب عدالت اسلام آباد کے جج کو آج اڈیالہ جیل میں کیس کی سماعت کرنا تھی، عدالت کے نئے تعینات جج ناصر جاوید رانا نے تاحال چارج نہیں لیا، اس کے باعث سماعت بغیر کسی کارروائی کے 23 فروری تک ملتوی کردی گئی۔

(جاری ہے)

جج محمد بشیر کی ریٹائرمنٹ تک رخصت کے باعث گزشتہ روز نئے جج کی تعیناتی کی گئی تھی۔واضح رہے کہ القادر ٹرسٹ کیس میں الزام لگایا گیا ہے کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ نے پی ٹی آئی کے دور حکومت میں برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی ای) کی جانب سے حکومتِ پاکستان کو بھیجے گئے 50 ارب روپے کو قانونی حیثیت دینے کے عوض بحریہ ٹاؤن لمیٹڈ سے اربوں روپے اور سینکڑوں کنال مالیت کی اراضی حاصل کی۔

یہ کیس القادر یونیورسٹی کے لیے زمین کے مبینہ طور پر غیر قانونی حصول اور تعمیر سے متعلق ہے جس میں ملک ریاض اور ان کی فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ کے کیس میں برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی ای) کے ذریعے 140 ملین پاؤنڈ کی وصولی میں غیر قانونی فائدہ حاصل کیا گیا۔عمران خان پر یہ بھی الزام ہے کہ انہوں نے اس حوالے سے طے پانے والے معاہدے سے متعلق حقائق چھپا کر کابینہ کو گمراہ کیا، رقم (140 ملین پاؤنڈ) تصفیہ کے معاہدے کے تحت موصول ہوئی تھی اور اسے قومی خزانے میں جمع کیا جانا تھا لیکن اسے بحریہ ٹاؤن کراچی کے 450 ارب روپے کے واجبات کی وصولی میں ایڈجسٹ کیا گیا۔
Live بشریٰ بی بی سے متعلق تازہ ترین معلومات