حضرت لعل شہباز قلندر کے 772 ویں عرس کے انتظامات کے حوالے سے اجلاس

جمعرات 22 فروری 2024 22:45

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2024ء) حضرت لعل شہباز قلندر کے 772 ویں سہ روز ہ عرس مبارک کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر جامشورو / شہباز میلہ کمیٹی کے چیئرمین علی ذوالفقار میمن کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس ہوا - اجلاس میں ڈائریکٹر SASIMS ایم ایس ڈاکٹر معین الدین صدیقی ، ڈی ایچ او جامشورو ڈاکٹر امام الدین کھوسو ، اسسٹنٹ کمشنر محمد علی گوپانگ اور اسپورٹس آفیسر مریم کیریو کے علاوہ رینجرز کے ونگ کمانڈر ، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ، ڈپٹی ڈائریکٹر این ایچ ای، موٹر وے پولیس ، اوقاف ، ریونیو، میونسپل اور محکمہ تعلیم سمیت اسپیشل برانچ ، سی ٹی ڈی ، حیسکو و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران شرکت کی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر علی ذوالفقار میمن نے کہا کہ عرس پر لاکھوں زائرین کی آمد متوقع ہے جنہیں تمام مطلوبہ سہولیات مہیا کرنے کے لیے مختلف مقامات پر پانی کی سبیلیں لگانے سمیت ارڑل واہ ، سپنا جھیل اور دیگر چینل میں نہانے پر دفعہ 144 نافذ کی جائیگی اور کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقع سے بروقت نمٹنے کے لیے پاک نیوی کو بھی تعینات کیا جائیگا-انہوں نے بتایا کہ عرس کے موقع پر 5 ہزار پولیس اہلکار سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔

(جاری ہے)

ڈی سی نے کہا کہ انڈس ہائی وے روڈ پر ہیوی ٹریفک پر پابندی عائد ہوگی ، عرس کے دوران سہون میں فائر برگیڈ عملہ الرٹ رہے گا جبکہ عرس کے تینوں روز سندھ کی روایت ثقافتی ملاکھڑاکے دلچسپ مقابلے منعقد کیے جائیں گے - ڈپٹی کمشنر جامشورو نے بتایا کہ سہون شہر میں میلے کے تینوں روز سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے 500 سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے اور 20 واک تھرو گیٹس بھی لگائے جائیں گے۔ اس موقع پر ڈاکٹر معین الدین صدیقی نے بتایا کہ عرس کے موقع پر محکمہ صحت الرٹ رہے گا اور مختلف اضلاع کے ڈاکٹرزوایمبولینس موجود رہیں گی۔انہوں نے بتایاکہ عرس کے موقع پر سید عبداللہ شاہ انسٹیٹیوٹ میں ایمرجنسی نافذ کی جائیگی۔