رفح آپریشن سے پہلے حفاظت کی ضمانت دی جائے، امریکہ

جمعہ 23 فروری 2024 21:09

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 فروری2024ء) امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے اپنے اسرائیلی ہم منصب یوآو گیلنٹ سے کہا ہے کہ جنوبی غزہ کی پٹی میں رفح میں بے گھر فلسطینیوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ایک قابل اعتماد منصوبہ تیار کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہاں کوئی فوجی کارروائی شروع ہونے سے پہلے بے گھر لوگوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق پینٹاگون نے ایک بیان میں کہا کہ دونوں فریقوں نے خان یونس میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں پر ٹیلی فون پر بات چیت کی۔آسٹن نے گیلنٹ کے ساتھ انسانی ہمدردی کی تنظیموں کو غلطی سے نشانہ بنانے سے بچنے کے لیے طریقہ کار کو بہتر بنانے کی ضرورت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔آسٹن نے اس بات کو یقینی بنانے پر زور دیا کہ زیادہ سے زیادہ امداد فلسطینی شہریوں تک پہنچے اور گیلنٹ کے ساتھ تشدد کی کارروائیوں کے بارے میں بات کی جو انسانی امداد کے قافلوں کی غزہ آمد میں رکاوٹ ہیں۔