لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کے سلسلے میں پولنگ ( کل )ہوگی

جمعہ 23 فروری 2024 22:34

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2024ء) لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کے سلسلے میں (کل )ہفتہ کوپولنگ ہوگی ،لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی صدر کی نشست پر عاصمہ جہانگیر گروپ کے صدارتی امیدوار ثاقب اکرم گوندل اور حامد خان گروپ کے صدارتی امیدوار اسد منظور بٹ کے درمیان ون ٹو ون کانٹے دار مقابلہ کا امکان ہے، نائب صدر کی نشست پر حسیب بن یوسف ،عبدالرحمن رانجھا ،ملک فدا حسین ،مظہر عباس خان سیا ل،میاں سردارعلی گہلن اور میاں وحید نذیر کے درمیان مقابلہ ہو گا جبکہ سیکرٹری کی نشست پر آصف محمود چوہان ،قادر بخش چاہل اورقاسم اعجاز سمرا میدان میں ہیں۔

فنانس سیکرٹری کی نشست پر حام بن شعیب کمبوہ،سید فرخ عباس رضوی اور خاتون امیدوار فلک ناز گل حصہ لے رہی ہیں ۔

(جاری ہے)

لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے وکلا کے رجسٹرڈ ووٹوں کی کل تعداد انتیس ہزار دو سو سولہ ہے،چئیر مین الیکشن بورڈ میاں عرفان اکرم کی سربراہی میں ڈپٹی چیئر مین خداداد چھٹہ اور ڈپٹی چیئرمین حسیب اللہ خان پر مشتمل تین رکنی الیکشن بورڈ الیکشن عمل کی نگرانی کر رہا ہے،بائیو میٹرک سسٹم پر پولنگ کل ہفتہ کو صبح نو بجے سے شام پانچ بجے تک ہوگی۔لاہور ہائیکورٹ بار کے ڈاکٹر جاوید اقبال آڈیٹوریم ہال میں بائیو میٹرک سسٹم پر پولنگ کے لیے8 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں جن پر115 کمپیوٹر سسٹم نصب کئے گئے ہیں جہاں پر وکلا ووٹرز اپنا ووٹ کاسٹ کریں گے۔