مقبوضہ کشمیر : انجمن اوقاف کی طرف سے میر واعظ کی گھر میں نظربندی کی شدیدمذمت

جمعہ 23 فروری 2024 20:30

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2024ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگرنے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء اور تنظیم کے سربراہ میر واعظ عمر فاروق کونماز جمعہ کی ادائیگی سے روکنے کیلئے گھر میں نظربند کرنے کی شدید مذمت کی ہے ۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگرنے ایک بیان میں قابض انتظامیہ کی طرف سے میر واعظ عمر فاروق کی بار بار گھر میں نظر بندی خصوصاً انہیں مرکزی جامع مسجد سرینگر میں جمعہ کا خطبہ دینے اور نماز جمعہ کی دائیگی سے روکنے کی شدید مذمت کی ہے ۔

بیان میں کہاگیا ہے کہ 4 سال تک مسلسل گھر میں نظربندی سے رہائی کے بعد انہیں صرف 3دفعہ نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے جامع مسجد جانے کی اجازت دی گئی ہے۔ بیان میں مزیدکہاگیا کہ قابض انتظامیہ کا میرواعظ کے ساتھ اس طرح کا مخاصمانہ رویہ نہ صرف افسوسناک ہے بلکہ اس کے خلاف کشمیری عوام میں شدید غم وغصہ بھی پایا جاتا ہے ۔انجمن اوقاف نے کہاکہ قابض انتظامیہ کشمیری عوام کے مذہبی جذبات اور احساسات کو نظر انداز کر کے اپنی من مانی کاروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے اور میر واعظ کوی اپنے مذہبی اور منصبی فرائض کی ادائیگی پر قدغن مسلسل جاری ہے ۔