پنجاب یونیورسٹی پاکستان سٹڈی سنٹر کے زیر اہتمام سیمینار کا انعقاد

ہفتہ 24 فروری 2024 18:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 فروری2024ء) پنجاب یونیورسٹی پاکستان سٹڈی سینٹر کے زیر اہتمام انتخابات 2024 کے تناظر میں ’پاکستان میں بیانیہ کی تعمیرکے سیاسی استحکام پر اثرات‘ کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیاگیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر پاکستان سٹڈی سنٹر پروفیسر ڈاکٹر نعمانہ کرن، لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی شعبہ سیاسیات سے ڈاکٹر سعدیہ محمود فلکی، فیکلٹی ممبران اورطلبائو طالبات نے شرکت کی۔

اپنے کلیدی لیکچر میں ڈاکٹر سعدیہ فلکی نے جمہوریت کی مضبوطی میں بین الاقوامی رجحانات کا تعارف کرایا اور دنیا بھر میں جغرافیائی سیاسی اتار چڑھاؤ کے آنے والے چیلنجز پرروشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ بیانیہ کی تعمیر اور عام انتخابات پر اس کے اثرات نے بحث کے بہت سے راستے کھول دیئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے سیاست اور انتخابات کے حوالے سے موجودہ بین الاقوامی صورتحال پر بات چیت کی۔

پروفیسر ڈاکٹر نعمانہ کرن نے سیاسی منظر نامے میں بیانیہ سازی کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ بیانیہ اکثر سیاسی جماعتوں، امیدواروں، میڈیا اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ذریعے تیار کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی رائے، تاثرات اور مجموعی بیانیے کا انتخابی نتائج پر گہرا اثر پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایسے بیانیے کی تعمیر کریں جو تقسیم کی بجائے اتحاد، خوف کی بجائے امید اور مستحکم، خوشحال اور جامع پاکستان کے لئے راہ ہموار کرسکے۔