غزہ میں جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے سے متعلق اہم مراحل تک پہنچ گئے ہیں، امریکا

پیر 26 فروری 2024 10:30

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 فروری2024ء) امریکا نے کہا ہے کہ اسرائیل، مصر، قطر اور امریکاغزہ میں جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے سے متعلق اہم مراحل تک پہنچ گئے ہیں۔ العربیہ اردو کے مطابق وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے کہا ہے کہ اسرائیل، مصر، قطر اور امریکانے غزہ میں عارضی جنگ بندی کا اعلان کرنے کے لیے قیدیوں کے معاہدے کے بنیادی نکات پر سمجھوتہ کر لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ ابھی تک بات چیت کے مراحل میں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جو بائیڈن نے ابھی تک رفح آپریشن کے حوالے سے اسرائیل کا منصوبہ نہیں دیکھا،ا ن کا خیال ہے کہ شہریوں کے تحفظ کے منصوبے کے بغیر رفح آپریشن کو آگے نہیں بڑھانا چاہیے۔ یہ بات قطر کے دارالحکومت دوحہ میں مذاکرات کی بحالی کے بعد ہوئی ہے جس کا مقصد غزہ کی پٹی میں جنگ بندی تک پہنچنا ہے، جس کے بعد مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں امریکی، اسرائیلی اور فلسطینی عہدیداروں کی شرکت کے ساتھ ایک اور دور ہوگا۔

قاہرہ نیوز چینل نے مصر کے ذرائع کے حوالے سے کہا کہ غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے مذاکرات کا دوبارہ آغاز ہوا ہے، یہ مذاکرات دوحہ اور قاہرہ میں ہونے والے دیگر ماہرین کی سطح پر ملاقاتوں کے ذریعے کئے جارہے ہیں۔