Live Updates

سیاست میں دہرا معیار کسی کا دیکھنا ہے تو مریم نواز سرفہرست ہیں

میاں اسلم اقبال کو اسمبلی میں کیوں نہیں جانے دیا گیا؟ مریم نوازکسی کی بات سننے کو تیار نہیں ، اسی لئے ہم پراسمبلی کے گیٹ بند کردیئے گئے۔ چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 26 فروری 2024 22:50

سیاست میں دہرا معیار کسی کا دیکھنا ہے تو مریم نواز سرفہرست ہیں
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 26 فروری 2024ء) سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ سیاست میں دہرا معیار کسی کا دیکھنا ہے تو مریم نواز سرفہرست ہیں، میاں اسلم اقبال کو اسمبلی میں کیوں نہیں جانے دیا گیا؟مریم نوازکسی کی بات سننے کو تیار نہیں ، اسی لئے ہم پراسمبلی کے گیٹ بند کردیئے گئے۔ انہوں نے اے آروائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں مخصوص نشستیں ملنے کا معاملہ کوئی پیچیدہ نہیں، ہمارے اس کی پہلے بھی مثالیں موجود ہیں، لیکن اس معاملے میں تاخیر کی جارہی ہے، آئندہ سینیٹ الیکشن بھی آنے والے ہیں، اگر ہمیں مخصوص نشستیں نہیں ملتی تو ہماری 7سیٹیں کم ہوجائیں گے، سات سیٹیں نہیں ملتی تو ہم اکثریت کھو سکتے ہیں،ورنہ ہم ایوان بالا میں بڑی جماعت برقرار رہیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جب ایم ایم اے بنی تھی تو وہ ایک رجسٹرڈ جماعتوں کا الائنس تھا، اس وقت سب جماعتوں نے ایک ہی لسٹ جمع کرائی تھی، ہم بھی آج دونوں جماعتیں اتحاد میں ہیں، ہم نے پچھلا الیکشن بھی اکٹھے لڑا تھا، اس بار بھی ہم نے اکٹھے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا تھا، جو ہم نے لسٹ جمع کرائی تھی اس کے مطابق ہی ہمیں مخصوص نشستیں ملنی چاہئیں۔ آئین کہتا ہے کہ اگر آزاد جوائن کرتا ہے تو ان کی تعداد کے مطابق سیٹیں ملنی چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ آج پی ٹی آئی کا بائیکاٹ مختصر وقت کیلئے تھا کیونکہ ہم احتجاج ریکارڈ کرانا چاہتے تھے، لیکن جب واپس آنا چاہا تو گیٹ بند کردیا گیا، مریم نواز نہیں چاہتی کہ ان کے خلاف کوئی بات کی جائے، دہرا معیار کسی کا دیکھنا ہے تو مریم نواز سرفہرست ہیں، اگر منافقانہ سیاست میں کسی کردار کو دیکھنا ہے تو مریم نواز کا کردار صف اول ہے، میاں اسلم اقبال کو اسمبلی میں کیوں نہیں جانے دیا گیا؟کیونکہ میاں اسلم اقبال حقائق کی بنیاد پر ان کی سیاسی دھجیاں اڑا کر رکھ دئے گا، آج بھی وہ بات سننے کو تیار نہیں تھیں ، اسی لئے گیٹ بند کردیئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ ملک احمد خان شریف آدمی ہیں لیکن اس بار وہ 45کی مطابق نہیں بلکہ 47کے تحت آئے ہیں، رضا ربانی کو ایم جمہوری آدمی سمجھتا تھا لیکن انہوں نے سینیٹ کی سیٹ بچانے کیلئے چھوٹے آدمی کا کردار ادا کیا، رضا ربانی کوصدر کی آئین شکنی تو نظر آرہی ہے لیکن ہماری مخصوص نشستیں نظر نہیں آرہیں؟
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات