Live Updates

مریم نواز کو ’بزدار ٹو‘ کیوں کہا؟ مسلم لیگ ن نے فیصل واوڈا کیخلاف سخت ردعمل دے دیا

فیصل ووڈا کو اپنی دماغی حالت کا معائنہ کرانا چاہئے جو خود 98 ووٹ تک لینے کا اہل نہیں، ڈپریشن میں بہکی بہکی باتیں کرتے ہیں۔ ن لیگ پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری کا بیان

Sajid Ali ساجد علی منگل 27 فروری 2024 16:10

مریم نواز کو ’بزدار ٹو‘ کیوں کہا؟ مسلم لیگ ن نے فیصل واوڈا کیخلاف سخت ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 27 فروری 2024ء ) پاکستان مسلم لیگ ن نے سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا کی جانب سے مریم نواز کو ’بزدار ٹو‘ کہنے پر ان کے خلاف سخت ردعمل دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا تھا کہ میاں صاحب کی اس عبرت ناک سیاسی حالت کے بعد بجائے اللہ کا ڈر ہو، ’بزدار ٹو‘ کی اکڑ تو ایسی ہے جیسے پاکستان میں ڈالر 200 ، پٹرول 150 اور روٹی 10 روپے کی ہو، یہ عوام کو آئی لو یو ٹو کہنے والوں کا اصل چہرہ ہے، یہ بزدار ٹو صرف 98 ووٹوں سے جیتی ہے، اگر اس کے بھی قانون اور آئین کے ٹھیکیداروں نے ڈبے کھول دیئے تو پنجاب اسمبلی میں نہیں رائے ونڈ محل میں ایسی حرکتیں ہو سکیں گی، اللہ تعالی اس ملک اور پنجاب کی عوام پر رحم کرے۔

اس کے جواب میں مسلم لیگ ن پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ فیصل ووڈا کو اپنی دماغی حالت کا معائنہ کرانا چاہیئے، واوڈا خود 98 ووٹ تک لینے کا اہل نہیں، جو خود کونسلر نہیں بن سکتا، اسے تنقید کا حق نہیں، فیصل واوڈا جیسے لوگ ماضی بن چکے ہیں، اسی لیے ڈپریشن میں بہکی بہکی باتیں کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان مسلم لیگ ن کے اس بیان کا جواب دیتے ہوئے فیصل واوڈا نے عظمیٰ بخاری کی ایک پرانی ویڈیو پوسٹ کی اور کہا کہ میں ’بزدار ٹو‘ کی خدمت گزار اور ذاتی کنیز کا جواب دینا اپنی توہین سمجھتا ہوں، اگر کسی قابل انسان نے ’بزدار ٹو‘ سے متلعق سیاسی سوال اٹھایا تو اس کا جواب ضرور دوں گا البتہ آپ کنیز کی اپنی زبانی ساری باتیں سن لیں، وہ درست کہہ رہی ہیں اس ویڈیو بیان کے تحت کہ ابھی تو ن لیگ کی چیخیں نکلنا شروع ہوئی ہیں، ابھی تو اور بھی نکلیں گی، ڈیڑھ سال کی بات ہے حدیبیہ اور اتفاق فاؤنڈری کا کیس بھی کھُلنا ہے، راء سے لے کر ہر غلیظ الزام ن لیگ کی قیادت کے بارے میں کنیز خود کہہ رہی ہے میں نہیں کہہ رہا۔

Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات