کرن راو نے طلاق کے بعد 10سے 15 پوائنٹس لکھوائے جن کی عامر میں بطور شوہر کمی تھی

منگل 27 فروری 2024 18:57

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 فروری2024ء) بالی وڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے انکشاف کیا ہے کہ انھوں نے سابق اہلیہ کرن راو سے علیحدگی کے بعد سوال کیا کہ ان میں بطور شوہر کیا کمی تھی جس پر کرن نے انھیں ان کی خامیوں سے متعلق 10 سے 15 پوائنٹس لکھوائے۔بھارتی میڈیا کے مطابق حال ہی میں ایک تقریب کے دوران عامر نے اپنے اور کرن راو سے متعلق ایک دلچسپ واقعہ شیئر کیا، جس میں عامر نے بتایا کہ کس طرح کرن راو نے طلاق کے بعد انہیں 10سے 15 پوائنٹس لکھوائے جن کی عامر میں بطور شوہر کمی تھی۔

کرن سے علیحدگی کے باوجود دوستی سے متعلق بات کرتے ہوئے عامر نے بتایا کہ ایک مزے کی بات ہے، ابھی ہماری علیحدگی ہوئی ہے جس کا سب کو معلوم ہے، ایک شام میں کرن کے ساتھ بیٹھا ہوا تھا، میں نے کرن سے سوال کیا کہ بطور شوہر مجھ میں کیا کمی تھی میری زندگی چل رہی ہے لیکن میں خود میں کس طرح تبدیلی لاسکتا ہوں۔

(جاری ہے)

عامر کے مطابق اس کے بعد کرن نے مجھے باقاعدہ پوائنٹس لکھوائے، اس نے مجھے بتایا کہ آپ بہت زیادہ باتیں کرتے ہیں، آپ کسی کو بات کرنے نہیں دیتے، آپ اپنی بات پر قائم رہتے ہیں، میں نے کرن کے بتائے ہوئے تقریبا 15-20 پوائنٹس لکھے ہیں۔

واضح رہے کہ بالی وڈ اداکار عامر خان کی پہلی اہلیہ رینا دتہ تھیں جن سے ان کے دو بچے جنید خان اور ایرا خان ہیں، عامر خان کی رینا دتہ سے طلاق شادی کے 16 سال بعد سال 2002 میں ہوئی۔ عامر خان نے فلمساز کرن راو سے دوسری شادی 28 دسمبر 2005 میں کی تھی، دونوں کی ملاقات معروف فلم لگان کی شوٹنگ پر ہوئی تھی جہاں کرن بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر فرائض سرانجام دے رہی تھیں جب کہ عامر خان فلم میں مرکزی کردار نبھا رہے تھے۔ عامر خان اور کرن راو نے 2005 میں شادی کی، دونوں کا ایک بیٹا آزاد خان ہے جبکہ 2021 میں جوڑے نے اپنی علیحدگی کا اعلان کیا تھا تاہم علیحدگی کے باوجود دونوں بیٹے آزاد کے لیے اچھے دوست اور شریک والدین کا فرض نبھا رہے ہیں۔