Live Updates

مالیاتی امور میں شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا،وزیراعلی پنجاب

احتساب کا عمل پہلے سے کہیں زیادہ بہتر بنائیں گے، منصوبوں میں شفافیت کا عمل برقرار رکھا جائے،مریم نواز میرٹ کی خلاف ورزی کروں گی نہ ہونے دوں گی، کوئی سیاسی بھرتی نہیں ہو گی،سیکرٹریٹ میں اجلاس سے گفتگو

منگل 27 فروری 2024 20:28

مالیاتی امور میں شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا،وزیراعلی پنجاب
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 فروری2024ء) نو منتخب وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ مالیاتی امور میں شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا، صحت اور دیگر شعبوں میں عوامی افادیت کے منصوبے جاری رکھے جائیں۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت دربار ہال سیکرٹریٹ میں اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں چیف سیکرٹری زاہد زمان اختر، چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹری ہیلتھ اور سیکرٹری خزانہ نے نومنتخب وزیراعلی کو محکموں کے افعال کار کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

مریم نواز نے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی اور پولیو سے بچا پر توجہ دی جائے، عوام کو معیاری علاج کی سہولت میسر ہونی چاہئے، صحت اور دیگر شعبوں میں عوامی افادیت کے منصوبے جاری رکھے جائیں۔

(جاری ہے)

مریم نواز نے کہا کہ خدمت کے جذبے سے سر شار، دیانتدار افسروں کو سیلوٹ کرتی ہوں، میرٹ کی خلاف ورزی کروں گی نہ ہونے دوں گی، کوئی سیاسی بھرتی نہیں ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل کا فوری حل چاہیے، سٹرکچرل ریفارمز کرنا ہوں گی، مسائل کی جڑ تک پہنچ کر ختم کریں گے، افسر اور ملازمین میری ٹیم ہیں، کام کرنے والوں کو سپورٹ کیا جائے گا، عوام کی خدمت کے مشن کی تکمیل کے لئے اچھی تجاویز کا خیر مقدم کیا جائے گا۔وزیراعلی نے مزید کہا کہ سول سرونٹس محب وطن اور خدمت کے جذبے سے سر شار ہیں، احتساب، شفافیت، کوالٹی ورک اور ٹائم ورک ریڈ لائن ہیں، کام کرنے والوں کا احترام کرتی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ سروس آف ڈلیوری پر کوئی سمجھوتہ نہیں، عوام کی فلاح اور ڈسپلن کی پاسداری اولین ترجیح ہے، ڈرنے، گھبرانے کی بجائے افسران جو سچ ہے، وہ بتائیں، ترقیاتی منصوبہ شروع کرنے سے قبل زمینی حقائق سامنے رکھے جائیں، بطور سیاستدان عوام کی خواہشات کے تابع رہتے ہوئے سروس آف ڈلیوری بہتر بنائیں گے، صوبہ کے عوام کی توقعات پر پورا اترنا ہے، احتساب کا عمل پہلے سے کہیں زیادہ بہتر بنائیں گے، منصوبوں میں شفافیت کا عمل برقرار رکھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبے ٹائم فریم کے تحت مکمل کئے جائیں گے، کوتاہی برداشت نہیں ہو گی، اداروں کو سیاسی عمل دخل سے بالائے طاق رکھتے ہوئے ان کی کارکردگی بہتر بنانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی، سول بیوروکریسی ہر قسم کے خوف اور ڈر سے بالا تر ہو کر کام کرے، جو سچ ہے وہ مجھے بتایا جائے۔سیکرٹری صحت نے مریم نواز کو صوبہ میں جاری پولیو مہم کے بارے بریفنگ دی، چیئرمین پی اینڈ ڈی اور سیکرٹری خزانہ نے ماہ مارچ 2024 کے لئے دستیاب ترقیاتی فنڈ کی بابت اعدادوشمار سے آگاہی دی۔

انہوں نے بتایا کہ صوبہ میں گذشتہ سالوں سے جاری ترقیاتی منصوبوں کی موجودہ صورتحال اور ان کے پایہ تکمیل کو پہنچنے کے بارے آگاہی دی۔ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے مجموعی انتظامی صورتحال کے بارے آگاہ کیا۔ مریم نواز نے سابق کمشنر آفس کو گرا کر نئی بنائی گئی محکمہ داخلہ کی عمارت کا بھی دورہ کیا۔سول سیکرٹریٹ میں اجلاس کی صدارت اور مختلف شعبوں کا جائزہ لینے کے بعد وزیر اعلی پنجاب سول سیکرٹریٹ سے روانہ ہو گئیں۔

قبل ازیں وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے سول سیکرٹریٹ کے مختلف مقامات کا دورہ کیا ۔ انہوں نے چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان سمیت دیگر افسروں کے ہمراہ ایچ بلاک، چیف سیکرٹری بلاک کا دورہ کیا ۔وزیر اعلی پنجاب کو نگران دور حکومت میں سول سیکرٹریٹ میں کروائے گئے ترقیاتی کاموں کے بارے میں بریفنگ دی گئی، وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے گذشتہ ایک سال کے دوران سول سیکرٹریٹ میں کی جانے والی تبدیلیوں کو خوشگوار قرار دے دیا ۔

وزیر اعلی نے سیکرٹریٹ آنے والے سائلین کو عوام دوست ماحول کی فراہمی ایک اچھا اقدام قرار دیا۔وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کو سیکرٹری داخلہ پنجاب، چیف سیکرٹری آفس کا بھی دورہ کروایا گیا ۔وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے سول سیکرٹریٹ میں قائم آرکائیوز ڈیپارٹمنٹ، فنانس ونگ، ایس اینڈ جی اے ڈی ونگ کا بھی دورہ کیا۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات