آمدن اور تنخواہوں سے بجلی اور گیس کے بلوں میں کئی گنا اضافہ سے عام آدمی کا جینا مشکل ہو گیا

منگل 27 فروری 2024 21:32

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 فروری2024ء) آمدن اور تنخواہوں سے بجلی اور گیس کے بلوں میں کئی گنا اضافہ سے عام آدمی کا جینا مشکل ہو گیا، بڑھتی ہوئی مہنگائی کی وجہ سے شہری پہلے ہی کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، آئے روز بجلی اور گیس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کی وجہ سے شہریوں کی زندگی اجیرن بن چکی ہے۔ شہریوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کو لگام دینے کے ساتھ ساتھ بجلی‘ گیس کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے۔

تفصیل کے مطابق ملک کے تیسرے بڑے شہر مانچسٹر آف پاکستان فیصل آباد صنعتی شہر ہے، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کی وجہ سے درجنوں کارخانے‘ ملیں‘ فیکٹریاں بند ہو چکی ہیں اور ہزاروں محنت کش بے روزگار ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

روزمرہ اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کی وجہ سے شہری خودکشیوں پر مجبور ہیں۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ موجودہ تنخواہوں میں گزارہ کرنا انتہائی مشکل ہو چکا ہے۔

وہ اپنے بال بچوں کو دو وقت کی روٹی کھلائیں یا بجلی اور گیس کے بل ادا کریں۔ بجلی اور گیس کے بلوں میں آئے روز اضافہ کی وجہ سے پہلے گیس کے بل 500 روپے سے ایک ہزار روپے تک آتے تھے اب وہ 5ہزار سے 10ہزار سے بھی زیادہ آ رہے ہیں، گیس بھی چوبیس گھنٹوں میں صرف دو دو گھنٹے صبح‘ دوپہر اور رات کو آتی ہے جبکہ ان کی آمدن تنخواہ سے کئی گنا زیادہ بڑھ گئے ہیں۔ شہری حلقوں نے نومنتخب حکمرانوں سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے۔