طوفانی بارش، گوادر ائیرپورٹ بھی ڈوب گیا

ائیرپورٹ پر کئی فٹ پانی کھڑا ہونے کے باعث فلائٹ آپریشن معطل کر دیا گیا

muhammad ali محمد علی بدھ 28 فروری 2024 00:48

طوفانی بارش، گوادر ائیرپورٹ بھی ڈوب گیا
گوادر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 فروری2024ء) طوفانی بارش، گوادر ائیرپورٹ بھی ڈوب گیا۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں گزشتہ 2 روز سے مسلسل ہونے والی طوفانی بارش نے تشویش ناک صورتحال پیدا کر دی ہے۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق طوفانی بارش سے جہاں ایک جانب گوادر شہر ڈوب گیا تو دوسری جانب گوادر ائیرپورٹ بھی مسلسل بارش سے ڈوب گیا ہے۔

گوادر  ائیرپورٹ پر کئی فٹ پانی کھڑا ہونے کے باعث فلائٹ آپریشن معطل کر دیا گیا ہے۔ جبکہ گوادر کی سیلابی صورتحال کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر گوادر اورنگزیب بادینی نے کہا ہے کہ گوادر میں موسلادھار بارش سے بڑے پیمانے پر نقصانات ہوئے ہیں ،7مکانات مکمل طور پر گر گئے ہیں جبکہ بڑی تعداد میں گھروں کو جزوی نقصانات پہنچا ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر گوادر کے مطابق گوادر میں موسلادھار بارش منگل کی شب سے رکی ہوئی ہے ، بارش سے گوادر کے بیشتر علاقوں میں پانی جمع ہوگیا ہے جس سے اندرونی شاہراہیں متاثر ہوئی ہیں، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے، وہ مکانات جن کے گرنے کا خطرہ تھا ان کے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا ہے۔

ڈی سی گوادر نے بتایا کہ گوادر کا تربت اور کراچی سے رابطہ بحال ہے ۔ دوسری جانب ڈی جی پی ڈی ایم اے بلوچستان جہاں زیب خان نے بتایا کہ گوادر میں موسم کی صورتحال کے حوالے سے ڈی سی گوادر سے رابطے میں ہوں ، پی ڈی ایم اے کی دو ٹیمیں گوادر روانہ کردی ہیں، ٹیموں کے ساتھ پانی نکالنے والے پمپس ،آلات اور بوٹ بھجوائی گئی ہیں، اگر ڈی سی گوادر نے خیموں اور دیگر اشیا کی ڈیمانڈ کی تو فورا بھجوادیں گے ۔ جبکہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے عوامی نمائندوں کی جانب سے گوادر کو باقاعدہ آفت زدہ قرار دینے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔