مغربی ہواوں کا طاقتورسسٹم (کل) سے بلوچستان میں مزید بارش برسائے گا

بدھ 28 فروری 2024 13:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 فروری2024ء) مغربی ہواوں کے طاقتور سسٹم کے تحت(کل) جمعرات سے بلوچستان میں مزید موسلادھار بارشیں ہوں گی۔محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواوں کا نیا طاقت ور سسٹم کل مغربی علاقوں میں داخل ہو گا، جس کے تحت کل 29 فروری سے یکم مارچ کے درمیان گوادر، پسنی، جیونی، اورماڑہ، کیچ اور پنجگور میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے اس سسٹم کے تحت چاغی، نوشکی، قلات، خضدار، لسبیلہ، آواران، خاران، واشک، مستونگ، سبی، نصیر آباد، ژوب، شیرانی، بارکھان ، موسی خیل، کوہلو، جھل مگسی اور لورالائی میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے،اس سسٹم کے باعث کوئٹہ، چمن، پشین، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، زیارت میں بارش، جبکہ ان شہروں کے ارد گرد موجود پہاڑوں پر برف باری متوقع ہے،ان بارشوں سے گوادر، کیچ، پنجگور، آواران، بارکھان، کوہلو، سبی، نصیر آباد اور خضدار کے برساتی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کے مطابق چمن، قلعہ عبداللہ، پشین، کیچ، خانو زئی، جنگل پیرعلیزئی میں موسلا دھار بارش ہوئی۔نوشکی، مستونگ، قلات، مسلم باغ میں بھی بارش جبکہ زیارت، توبہ اچکزئی، توبہ کاکڑی، کوژک ٹاپ، کان مہتر زئی، خواجہ عمران سمیت بالائی علاقوں میں برف باری وقفہ وقفہ سے جاری رہی۔بلوچستان کے ساحلی علاقوں کے ندی نالوں اور کیچ میں طوفانی بارش سے سیلابی صورتِ حال کا سامنا ہے۔کیچ میں پاک ایران کراسنگ پوائنٹ کے قریب بارش کے پانی میں پھنسی ہوئی گاڑیاں نکالی جا رہی ہیں۔