آننت امبانی کی شادی میں ڈھائی ہزار پکوانوں کا اہتمام

دنیا بھر سے معروف کاروباری، سماجی و سیاسی شخصیات آمد متوقع ہے،رپورٹ

بدھ 28 فروری 2024 15:20

آننت امبانی کی شادی میں ڈھائی ہزار پکوانوں کا اہتمام
نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 فروری2024ء) بھارتی بزنس مین مکیش امبانی کے چھوٹے بیٹے آننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی سے قبل منعقد ہونے والی تقریبات میں شریک مہمانوں کی تواضع ڈھائی ہزار کھانوں سے کی جائے گی۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یکم سے 3 مارچ تک گجرات کے شہر جام نگر میں آننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی کے سلسلے میں شاندار تقریبات منعقد کی جائیں گی،جس میں دنیا بھر سے معروف کاروباری، سماجی و سیاسی شخصیات آمد متوقع ہے۔

شادی سے قبل منعقد ہونے والی ان تین روزہ تقریبات میں شریک مہمانوں کے لیے ایک شاندار کھانے کا مینیو تیار کیا گیا ہے جس کی تفصیلات بھارتی میڈیا نے جاری کی ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تقریبات کے لیے 25 سے زیادہ باورچیوں کی ایک خصوصی ٹیم اندور سے جام نگر پہنچے گی۔

(جاری ہے)

مینیو میں اندوری کھانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی جبکہ پارسی کھانے سے لے کر تھائی، میکسیکن اور جاپانی پکوان مہمانوں کے لیے خصوصی طور پر تیار کیے جائیں گے۔

تین دنوں تک جاری رہنے والی تقریبات کے دوران مینیو میں کل ڈھائی ہزار کھانے ہوں گے جبکہ کوئی بھی پکوان دوبارہ نہیں دہرایا جائے گا۔مہمانوں کے لیے ناشتے میں 70 سے زیادہ کھانے شامل ہوں گے، دوپہر کے کھانے کے لیے 225، رات کے کھانے کے لیے 275 اور مڈ نائٹ مینیو میں 85 سے زیادہ خصوصی ڈشز ہوں گی۔رپورٹس کے مطابق 3 روزہ تقریبات میں شریک مہمان مڈ نائٹ مینیو سے رات 12 سے صبح 4 بجے تک لطف اندوز ہوسکیں گے اور سبزی خور مہمانوں کے لیے بھی خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔3 دن کی تقریبات میں 5 فنکشنز ہوں، تقریبات کے لیے 1000 مہمانوں کو مدعو کیا گیا ہے جس میں بل گیٹس اور میلنڈا گیٹس سمیت کئی اہم شخصیات شرکت کریں گی۔

متعلقہ عنوان :