آسٹریلیا کا بھارتی جاسوس نیٹ ورک بے نقاب ہونے کی تصدیق کرنے سے انکار

آسٹریلیا کے وزیر اعظم، وزیر خارجہ، وزیر دفاع اور وزیر خزانہ کاسوالات کا جواب دینے سے گریز

جمعرات 2 مئی 2024 11:55

آسٹریلیا کا بھارتی جاسوس نیٹ ورک بے نقاب ہونے کی تصدیق کرنے سے انکار
کینبرا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2024ء) آسٹریلیا کے اعلی عہدے پر فائز سرکاری وزرا نے ملک میں بھارتی جاسوس نیٹ ورک کے بے نقاب اور ملک بدری سے متعلق خبروں کی تصدیق کرنے سے انکار کردیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق آسٹریلیا کے وزیر اعظم، وزیر خارجہ، وزیر دفاع اور وزیر خزانہ نے ان دعوئوں کے بارے میں سوالات کا جواب دینے سے گریز کیا کہ بھارتی جاسوسوں نے 2022 میں دفاعی منصوبوں سے متعلق خفیہ معلومات چرانے کی کوشش کی۔

وزیر اعظم انتھونی البانی نے کہا کہ وہ انٹیلی جنس کے معاملات پر بات نہیں کریں گے۔آسٹریلیا کے وزیر خارجہ پینی وونگ نے انٹیلی جنس معاملات پر بات کرنے سے انکار کیا لیکن جمہوری اصولوں کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔وونگ نے کہا کہ ملک میں غیر ملکی مداخلت کے باوجود آسٹریلیا اپنی جمہوریت کو مضبوط رکھے گا، انہوں نے کہا کہ ایسے حالات سے نمٹنے کے لیے قوانین موجود ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ جم چلمرز نے بھی اس معاملے پر بات کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ آسٹریلیا اور بھارت کے ساتھ مثبت تعلقات برقرار رکھنے کو ترجیح دیتے ہیں۔2021 میں انٹیلی جنس حکام نے انکشاف کیا تھا کہ انہوں نے جاسوسوں کے ایک گروپ کو بے نقاب کیا تھا جو دفاعی راز چرانے اور غیر ملکی باشندوں کی کمیونٹیز کو مانیٹر کرنے کے لیے آسٹریلیا بھیجے گئے تھے۔اگرچہ ان غیر ملکی جاسوسوں کو اس وقت ملک سے نکال دیا گیا تھا لیکن آسٹریلوی حکام مسلسل یہ بتانے سے انکار کررہی ہے کہ وہ کس کے لیے کام کر رہے تھے۔بعدازاں آسٹریلین براڈ کاسٹنگ کارپوریشن نے دعوی کیا کہ جاسوس بھارت کے انٹیلی جنس کارکن تھے۔یہ دعوے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے اتحاد کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔