متحدہ عرب امارات میں ایک بار پھر موسلادھار بارش کی پیش گوئی

جمعرات 2 مئی 2024 11:55

متحدہ عرب امارات میں ایک بار پھر موسلادھار بارش کی پیش گوئی
ابو ظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2024ء) متحدہ عرب امارات میں ایک بار پھر موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ امارات کے محکمہ موسمیات کے مطابق شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔متحدہ عرب امارات کے محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ احمر سے سطح کے کم دباؤ کی توسیع سے یو اے ای متاثر ہوا ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ مرطوب جنوب مشرقی ہوائیں متحدہ عرب امارات کے موسم کو بھی متاثر کریں گی۔

(جاری ہے)

اماراتی محکمہ موسمیات کے نمائندے کا کہنا ہے کہ گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے جب کہ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے، اس دوران تیز ہواؤں کی رفتار 65 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔متحدہ عرب امارات میں جمعرات اور جمعہ کو بارش کی پیش گوئی کے پیش نظر دبئی کے تعلیمی اداروں میں جمعرات اور جمعہ کو تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔حکام کے مطابق چھٹی کا مقصد اساتذہ اور طلباء کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔