مئیرلندن کے انتخابات کل، لیبرپارٹی کے صادق خان کئی حریفوں سے مد مقابل

مدمقابل امیدواروں نے جیتنے کی صورت میں لندن کے لئے اپنے اپنے منصوبوں کا اعلان کردیا

جمعرات 2 مئی 2024 11:59

مئیرلندن کے انتخابات کل، لیبرپارٹی کے صادق خان کئی حریفوں سے مد مقابل
لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2024ء) لندن میں میئر کے انتخابات کل ہوں گے جس میں لیبرپارٹی کے صادق خان کا کئی حریفوں سے مقابلہ ہوگا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کنزریٹو پارٹی اور ہارو کونسل کی لیڈر سوزن ہال بھی صادق خان کے مد مقابل ہیں جو چاہتی ہیں کہ الٹرا لو ایمیژن زونز (ULEZ) کا پھیلا ختم کیا جائے۔برطانوی میڈیا کے مطابق ہال اگر کامیاب ہوئیں تو وہ یقینی بنائیں گی کہ ٹرانسپورٹ فار لندن (ٹی ایف ایل احکامات پر عمل نہ کرنیوالے ڈرائیورز کو چارج نہ کرے۔

سوزن ہال پولیس اہلکاروں کی تعداد میں پندرہ سو کا اضافہ کریں گی اور بارو پولیسنگ دوبارہ سے شروع کی جائے گی، ان تمام معاملات کیلئے دو سو ملین پائونڈ صرف کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔سوزن ہال چوریوں اور ڈکیتیوں پر قابو پانے کیلئے اسپیشل یونٹ بھی قائم کریں گی۔

(جاری ہے)

جبکہ سٹی ہال میں خاتون کمشنر کا بھی تقرر کیا جائے گا۔دوسری جانب لبرل ڈیموکریٹ کے رہنما راب بلیکی بھی صادق خان کے مدمقابل میدان میں موجود ہیں۔

راب کہتے ہیں کہ کامیاب ہوئے تو وہ جنسی جرائم پر قابو پانے کیلئے نیا یونٹ قائم کریں گے، ان کا فوکس میٹروپولیٹن پولیس پر ہوگا۔ریفارم یوکے پارٹی کے ہارڈ کاکس بھی میدان میں ہیں، وہ فیئر فیول یوکے کیمپئن کے بانی ہیں، کاکس فیول ٹیکس کو منجمد کرنا چاہتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ کامیاب ہوئے تو وہ ULEZ کو ختم کردیں گے۔ہارڈ کاکس بھی پولیس کی موجودگی بڑھانا اور ایفورڈ ایبل گھروں کی تعداد میں اضافہ کرنا چاہتے ہیں۔

دا گرین پارٹی کی زوئے گاربٹ بھی میدان ہیں جبکہ میئر کے انتخابات میں برائن روز لندن رئیل پارٹی کے امیدوار ہیں، سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کی ایمی گیلاگھر، بریٹن فرسٹ کے نک اسکینلن بھی میئر لندن کے امیدوار ہیں۔اینیمل ویلفیئر پارٹی کی فیمی امین بھی میئیرلندن کی امیدوار ہیں جبکہ نتالی کیمپبیل انتخابات میں آزاد امیدوار کے طور پر حصہ لے رہی ہیں۔