ہائی کورٹ راولپنڈی : شیخ رشید کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کے خلاف پٹیشن پر نیب کو نوٹس

بدھ 28 فروری 2024 22:07

ہائی کورٹ راولپنڈی : شیخ رشید کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کے خلاف ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 فروری2024ء) ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس صداقت علی خان نے شیخ رشید کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کرنے کے خلاف پٹیشن پر نیب حکام کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے جبکہ وزارت داخلہ نے اپنے جواب میں القادر ٹرسٹ کے نام 190ملین پاؤنڈ کے مالیاتی سکینڈل میں مطلوب قرار دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ چونکہ شیخ رشید نیب کو مطلوب ہیں اس لئے نیب کی سفارش پر ان کا نام ای سی ایل میں ڈالا گیا ہے بدھ کے روز پٹیشن کی سماعت کے موقع پر شیخ رشید اپنے وکلاسردار عبدالرازق اور سردار شہباز خان عدالت میں پیش ہوئے گزشتہ تاریخ پر عدالت نے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا تھا تاہم ایف آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ فی الوقت شیخ رشید ایف آئی اے کو مطلوب ہیں اور نہ ہی ایف آئی اے نے ان کا نام ای سی ایل میں ڈالا ہے جبکہ سیکریٹری داخلہ کی جانب سے ای سی ایل کے سیکشن افسر محمد عظیم اختر کی جانب سے عدالت میں جمع کرائے گئے تحریری جواب میں کہا گیا ہے کہ نگران کابینہ نے رواں سال24جنوری کو ایگزٹ آف پاکستان (کنٹرول)آر ڈی نینس 1981کی سیکشن2کے تحت قومی احتساب بیورو کی سفارش پر شیخ رشید سمیت28افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دی تھی جس پر25جنوری کو ان کا نام ای سی ایل میں شامل کیا گیا تھا جس کے لئے نیب کا موقف تھا کہ مذکورہ28ملزمان اختیارات کے غلط استعمال سے 190ملین پاؤنڈسٹیٹ بنک آف پاکستان میں جمع کرانے کی بجائے ذاتی استعمال میں رکھنے میں مطلوب ہیں جس پر شیخ رشید کے وکلا کی جانب سے نیب کو فریق بنانے پر عدالت نے نیب حکام کو نوٹس جاری کر دیا ہے کہ آئندہ تاریخ میں عدالت کو بتائیں شیخ رشید اس کیس میں انہیں کیوں مطلوب ہیں عدالت نے مزید کاروائی کے لئے سماعت ملتوی کر دی۔