پشاور،گاڑیوں میں غیر معیاری سی این جی سلنڈرپھٹنے کے واقعات کانوٹس

ناقص و غیر معیاری سلنڈر استعمال کرنیوالے گاڑی مالکان کے خلاف کاروائی کا فیصلہ گاڑی مالکان اوگراکے تجویزکردہ معیاری سی این جی سلنڈراستعمال کریں،محکمہ توانائی وبرقیات

بدھ 28 فروری 2024 22:55

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 فروری2024ء) خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ سمیت تمام گاڑیوں میں غیر معیاری سی این جی سلنڈر پھٹنے کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے اس کی روک تھام اور ایسے ناخوشگوار واقعات سے نمٹنے کیلئے ناقص و غیر معیاری سی این جی سلنڈر استعمال کرنیوالے گاڑی مالکان کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں محکمہ داخلہ خیبربختونخوا نے ضلعی انتظامیہ،ٹرانسپورٹ انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کے افسران کو احکامات جاری کردئیے ہیں، محکمہ داخلہ کے احکامات کی روشنی میں محکمہ توانائی وبرقیات خیبرپختونخوانے میڈیاسیل کے ذریعے جاری پیغام میں عوام الناس کوآگاہ کرتے ہوئے خبردارکیا ہے کہ ایسے تمام گاڑی مالکان جوکہ اپنی ذاتی ٹرانسپورٹ کے علاوہ پبلک ٹرانسپورٹ یعنی بسوں،رکشوں،ویگنوں وغیرہ میں غیر معیاری سی این جی سلنڈراستعمال کررہے ہیں کو فوری طورپر ہٹاکراوگرا کے تجویزکردہ معیاری سلنڈرکا استعمال اورمتعلقہ قوانین پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں بصورت دیگرخلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مروجہ قوانین کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔