بلوچستان حکومت کی جانب سے گوادر کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا

گوادر کو حالیہ طوفانی بارشوں کے بعد تشویشناک صورتحال کے باعث آفت زدہ قرار دیا گیا، گوادر کو آفت زدہ قرار دینے کے حوالے سے نگران وزیراعلیٰ نے سمری پر دستخط کردیئے ہیں، نگران وزیراطلاعات بلوچستان جان اچکزئی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 29 فروری 2024 18:49

بلوچستان حکومت کی جانب سے گوادر کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا
کوئٹہ ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 29 فروری 2024ء) بلوچستان حکومت کی جانب سے گوادر میں طوفانی اور تیز بارشوں کے باعث گوادر کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا ہے۔ نگران وزیراطلاعات بلوچستان جان اچکزئی کے مطابق بلوچستان حکومت کی جانب سے گوادر کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا، گوادر کو حالیہ طوفانی بارشوں کے بعد تشویشناک صورتحال کے باعث آفت زدہ قرار دیا گیا، گوادر کو آفت زدہ قرار دینے کے حوالے سے نگران وزیراعلیٰ نے سمری پر دستخط کردیئے ہیں۔

مزید برآں چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ گوادر میں ان مہینوں میں اتنی بارش پہلے کبھی نہیں ہوئی۔ ایک انٹرویومیں چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا کہ (آج) جمعرات سے ملک پر نئے سسٹم کے تحت ہیوی اسپیل دکھائی دے رہا ہے، سردیوں کی بارش عموماً اتنی شدت کی نہیں ہوتی۔

(جاری ہے)

سردار سرفراز نے کہا کہ گودار میں اس بار غیر معمولی بارش ہوئی ہے اور گوادر میں ان مہینوں میں اتنی بارش پہلے کبھی نہیں ہوئی، گوادر میں آج دوبارہ تیز بارش کا امکان ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ نے کہا کہ جنوری اور فروری میں پہاڑوں پر پڑنے والی برف زیادہ دیر نہیں رہتی، کے پی کے کچھ علاقوں میں طوفانی بارش ہوسکتی ہے جب کہ لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔ دوسری جانب ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاک فوج کا 44 ڈویژن گوادر کے بارش سے متاثرہ علاقوں میں ہر ممکن کوشش اور مدد کر رہا ہے۔ گوادر ضلع میں 2010 کے بعد یہ سب سے زیادہ بارش کا سلسلہ تھا جب طوفان کی وجہ سے اس علاقے میں شدید بارشیں ہوئیں اپنے جاری بیان میں ترجمان نے کہا کہ پاک فوج مشکل کی گھڑی میں گوادر کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے بیان کے مطابق جی او سی 44 ڈویژن گوادر میجر جنرل عدنان سرور ملک خود علاقوں میں پانی کی نکاسی کی نگرانی کر رہے ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ لوگوں کی خوراک کے لیے مدد کر رہے ہیں اور اس مشکل صورتحال میں گوادر کے لوگوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں۔