15 مارچ تک تمام مستحق خاندانوں کو خشک راشن کی فراہمی ہر صورت مکمل کی جائے ،ڈپٹی کمشنر

جمعرات 29 فروری 2024 22:57

نارووال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 فروری2024ء) ڈپٹی کمشنر نارووال سید حسن رضا کی جانب سے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ضلع بھر سے80ہزار937خاندانوں کو نگہبان رمضان پروگرام کے تحت خشک راشن ان کی دہلیز تک پہنچانے کے لیے انتظامات تیزی سے مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں تحصیل شکرگڑھ کے 30ہزار88 ،ظفروال کے 19 ہزار754 اور نارووال کے31ہزار95 مستحق خاندانوں کا ڈیٹا حکومت پنجاب کی جانب سے فراہم کیا گیا ہے جن کی تصدیق کا عمل مکمل کرلیاگیا ہے ۔

اس آپریشن میں پٹواری ، یونین کونسل ،سیکریڑیز اور زراعت فیلڈ سٹاف سمیت دیگر محکموں کے ملازمین کی خدمات حاصل کی جائیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ راشن بیگ میں 10 کلو آٹا، دو دو کلو چینی ،گھی ، بیسن اور چاول پر مشتمل ہوگا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنرنے سیکرٹری ڈی آر ٹی اے کو ہدایت کی کہ مستحق خاندانوں کے گھروں تک خشک راشن پہنچانے کے لیے ٹرانسپورٹ پلان بھی جلد فائنل کیا جائے۔

اسسٹنٹ کمشنرز اپنی اپنی تحصیلوں میں اس تمام آپریشن کی مانیٹرنگ کریں گے اسی طرح دیگر محکموں کے افسران کو بھی ذمہ داریاں تفویض کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پانچ سے 15 مارچ کے دوران تمام مستحق خاندانوں کو خشک راشن کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ مستحق کو راشن کی فراہمی کا تمام ریکارڈ روازنہ کی بنیاد پر ایپ پر آپ لوڈ کیا جائے گا اور اس سارے آپریشن کا تھرڈ پارٹی سےآڈٹ بھی کروایا جائے گا۔