قومی اسمبلی اجلاس میں کورم کی نشاندہی، ڈپٹی اسپیکر نے گنتی سے قبل ہی اجلاس ملتوی کردیا

پیر 4 مارچ 2024 16:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مارچ2024ء) قومی اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن اور حکومتی اراکین کی دھواں دھار تقاریر کے دوران کورم کی نشاندہی کی گئی تاہم ڈپٹی اسپیکر نے گنتی سے قبل ہی اجلاس ملتوی کردیا۔قومی اسمبلی کا اجلاس ایاز صادق کی سربراہی میں شروع ہوا جس کی سربراہی بعد ازاں ڈپٹی اسپیکر نے کی۔

(جاری ہے)

قومی اسمبلی میں پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، خالد مقبول صدیقی، اخترمینگل، اسد قیصر اور بیرسٹر گوہر نے تقاریر کیں۔

بلاول بھٹو اور خالد مقبول صدیقی کی تقاریر کے دوران سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے شدید شور شرابہ کیا اور اس دوران ڈپٹی اسپیکر بار بار اراکین کو خاموش رہنے کی تاکید کرتے رہے تاہم قومی اسمبلی کا اجلاس جاری ہی تھا کہ اس دوران کورم کی نشاندہی کی گئی جس پر ڈپٹی اسپیکرنے گنتی سے قبل ہی اسمبلی کا اجلاس جمعہ کی شام 5 بجے تک ملتوی کردیا۔