حالیہ انتخابات میں بڑے پیمانے پر ہونے والی دھاندلی سے پوری قوم اور باالخصوص پارلیمنٹ میں بھی مایوسی کی فضاقائم ہو چکی ہے

پیر 4 مارچ 2024 23:08

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 مارچ2024ء) قومی وطن پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ نے 2024کے انتخابات کو 2018سے زیادہ بد ترین انتخابات قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میں دھاندلی کے پچھلے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے۔وطن کور اسلام آباد میں قومی وطن پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کا اجلاس پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائو کے زیر صدارت منعقد ہوا جس میں 8فروری کو ہونے والے عام انتخابات کا جائزہ لیاگیا۔

شرکائے اجلاس نے کہا کہ حالیہ انتخابات میں بڑے پیمانے پر ہونے والی دھاندلی سے پوری قوم اور باالخصوص پارلیمنٹ میں بھی مایوسی کی فضاقائم ہو چکی ہے اور اس سے قوم نے معیشت کی بہتری اور معاشی و سیاسی استحکام آنے کی جو امیدیں وابستہ کر رکھی اس پر بھی پانی پھر گیا۔

(جاری ہے)

انھوں نے چیف الیکشن کمیشن اور اس کے ممبران کوحالیہ دھاندلی زدہ انتخابی نتائج کاذمہ دار ٹھرایا اورمطالبہ کیا کہ تمام ریٹرنگ آفیسرز اور ان کی پشت پر کام کرنے والے افراد کے خلاف انکوائری کیلئے ایک جوڈیشل کمیشن قائم کرکے ملوث لوگوں کو بے نقاب کرے اور انھیں سخت سے سخت سزا دی جائے کیونکہ یہ لوگ قومی مجرم ہیں جنھوں نے انتخابات کے نام پرنہ صرف قومی خزانے بلکہ جمہوریت کوبھی بے تحاشہ نقصان پہنچایا۔

انھوں نے کہا کہ کچھ لوگ صوبائی خود مختاری اور اٹھارویں آئینی ترمیم کے خاتمے کے درپے ہیں اور اس کے خلاف مسلسل سازشوں میں مصروف ہیں لیکن قومی وطن پارٹی ان حربوں کو ناکام بنانے کیلئے ہر سطح پر آواز اٹھائے گی۔انھوں نے مزیدکہا کہ انتخابی نتائج سے عیاں ہوتا ہے کہ دھاندلی زدہ پارلیمنٹ کے ذریعے صوبائی خود مختاری اورصوبہ کے حقوق کوغصب کرنے کی کوشش کی جائے گی اس لئے گزشتہ انتخابات میں صوبہ کے حقوق ،وسائل پر اختیاراورصوبائی خود مختاری کیلئے آواز اٹھانے والوں کو پارلیمان سے باہر رکھا گیا۔

انھوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم سے صوبوں کو تقویت ملی اور اختیارات ملے ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ این ایف سی میں صوبوں کے شیئرز مزید بڑھانے کی طرف کوشش کی جائے ۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی کو تمام سطحوں پر متحرک بنانے کیلئے لائحہ مرتب کر رہے ہیں تاکہ منظم اندازمیں عوامی مشکلات کے خاتمے کیلئے جدوجہد کی جاسکے۔انھوں نے کہا کہ ہم اپنی قوم اور اپنے عوام کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے ان کے جو مسائل ہیں ان کو ہر فورم پر اٹھائیں گے۔