امریکی نائب صدر کی اسرائیلی سیاسی رہنما سے ملاقات،رفح کی صورتحال پر تبادلہ خیال

منگل 5 مارچ 2024 10:20

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مارچ2024ء) امریکی نائب صدر کملا ہیرس نے اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کے سیاسی حریف ریٹائرڈ جنرل اور سابق وزیر دفاع بینی گینٹز کی درخواست پر واشنگٹن میں ان سے ملاقات کی اور رفح کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ العربیہ اردو کے مطابق وائٹ ہاؤس کے حکام کا کہنا ہے کہ ملاقات کی درخواست بینی گینٹز نے کی تھی اور ڈیموکریٹک انتظامیہ کا خیال ہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم کی طرف سے اس ملاقات پر اعتراض کے باوجود کملا ہیرس کا اسرائیل کے ایک ممتازسیاسی رہنما کے ساتھ بات کرنا ضروری ہے۔

کملاہیرس نے بینی گینٹز سے ملاقات سے کچھ دیر قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر اور وہ شروع سے ہی اس بارے میں ایک دوسرے سے متفق ہیں کہ اسرائیل کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے اور یہ کہ ہمیں یرغمالیوں کو چھڑانے کی ضرورت ہے، اور ہمارا یہ موقف برقرار ہے۔

(جاری ہے)

ملاقات کے بعد وائٹ ہاؤس نے جاری بیان میں کہا کہ کملا ہیرس اور بینی گینٹز نے اسرائیل ۔فلسطین جنگ کے بعد غزہ میں قید 100 سے زیادہ افراد کو رہا کرنے کے لئے کسی معاہدے کو مکمل کرنے کی فوری ضرورت پر تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے عارضی جنگ بندی کے لیے انتظامیہ کی حمایت کا بھی اعادہ کیا جو یرغمالیوں کی رہائی میں سہولت فراہم کرے گی اور غزہ میں امداد کی فراہمی کی اجازت دے گی۔