سندھ ہائی کورٹ ، رامسوامی میں عمارت گرانے کے عدالتی حکم پر عمل درآمد معطل

جب تک رہائشیوں کے لئے متبادل بندوبست نہیں ہوتا عمارت کونہ گرایا جائے،دوران سماعت عدلت عالیہ کے ریماکس

منگل 5 مارچ 2024 14:56

سندھ ہائی کورٹ ، رامسوامی میں عمارت گرانے کے عدالتی حکم پر عمل درآمد ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مارچ2024ء) سندھ ہائی کورٹ نے کراچی کے علاقے رامسوامی میں عمارت گرانے کے عدالتی حکم پر عمل درآمد معطل کر دیا۔منگل کوسندھ ہائیکورٹ میں لیاری میں خستہ حال 6 منزلہ عمارت گرانے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔ عمارت کے رہائشی ایس بی سی اے کے وکیل اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔دوران سماعت جسٹس صلاح الدین پنہور کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے مکینوں کی فریق بننے کی درخواست منظور کر لی۔

عمارت گرانے سے متعلق سندھ ہائیکورٹ کے سابقہ فیصلے کو بنچ نے معطل کردیا۔

(جاری ہے)

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ جب تک رہائشیوں کے لئے متبادل بندوبست نہیں ہوتا عمارت کونہ گرایا جائے۔درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ امیر حمزہ آرکیڈ کے مکینوں کا موقف نہیں سنا گیا۔درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عمارت گرائی گئی تو مکینوں کی جمع پونجی تباہ ہوجائے گی۔عدالتِ عالیہ نے عمارت گرانے کا حکم معطل کرتے ہوئے سماعت اپریل کے دوسرے ہفتے کے لیے ملتوی کر دی۔درخواست گزار رہائشیوں نے عدالت سے عمارت نہ توڑنے سے متعلق استدعا کی تھی۔واضح جسٹس ندیم اختر کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے رامسوامی میں 6 منزلہ عمارت غیر قانونی قرار دی تھی۔