کوئٹہ سے لاہور کیلئے چلنے والی نواب اکبر بگٹی ایکسپریس کی بحالی کا فیصلہ موخر

منگل 5 مارچ 2024 21:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 مارچ2024ء) محکمہ ریلویز نے کوئٹہ سے لاہور کے لئے چلنے والی نواب اکبر بگٹی ایکسپریس بحال کرنے کے فیصلے پر عملدرآمد روک دیا۔محکمہ ریلوے حکام کے مطابق گزشتہ برس دسمبر میں کوئٹہ سے کراچی کے لئے بولان ایکسپریس کی بحالی کے افتتاح کے موقع پر 23مارچ سے لاہور کے لئے نواب اکبر بگٹی ایکسپریس بحال کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی جانب سے محکمہ ریلوے کو نواب اکبر بگٹی ایکسپریس بحال کرنے کے احکامات بھی دیئے گئے تھے۔تاہم انوار الحق کاکڑ کے سبکدوش ہوتے ہی محکمہ ریلوے نے ان کی ہدایت کو نظر انداز کردیا۔محکمہ ریلوے کی جانب سے 15مارچ سے نافذالعمل ہونے والے ٹرینوں کے شیڈول میں نواب اکبر بگٹی ایکسپریس کو شامل نہیں کیا گیا۔